روی بوپارا اور ردرفورڈ کی عمدہ بلے بازی، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو حیران کن ہدف دیدیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھ کے تیرہویں میچ میں پشاور زلمی نے روی بوپارا اور شرفین ردرفورڈ کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 189 رنز کا ہدف دیدیا ہے، روی بوپارا نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 58 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ردرفورڈ نے 46 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی تو وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل اور ٹام کوہلر کیڈمور نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 30 رنز جوڑے تاہم اس موقع پر کامران اکمل عباس آفریدی کی گیند پر محمد الیاس کے ہاتھوں کیچ ہو گئے، انہوں نے 17 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ مجموعی سکور میں صرف تین رنز کے اضافے کے بعد ٹام کوہلر بھی عباس آفریدی کے جال میں پھنس گئے اور شرجیل خان کو کیچ دے بیٹھے، وہ 11 گیندوں پر 10 رنز بنا سکے۔
پشاور زلمی کے تیسرے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 34 کے مجموعی سکور پر صرف ایک سکور بنا کر محمد الیاس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ نوجوان مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی بھی متاثر کن کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکے اور 69 کے مجموعے پر ڈینیل کرسچن کی گیند پر عباس آفریدی نے ان کا کیچ پکڑا، وہ 12 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے صرف نو رنز بنانے میں ہی کامیاب ہو سکے۔
روی بوپارا اور شرفین ردرفورڈ نے مشکل وقت میں انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 82 رنز جوڑ کر مجموعی سکور 151 پر پہنچاتے ہوئے ٹیم کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دیا تاہم اس موقع پر ردرفورڈ 32 گیندوں پر تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے، جو کلارک نے محمد الیاس کی گیند پر ان کا کیچ لیا۔ روی بوپارا نے 40 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 58 رنز بنا کر حریف ٹیم کو اچھا ہدف دینے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ عماد بٹ نے دھواں دار بلے بازی کرتے ہوئے صرف سات گیندوں پر دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 27 رنز بنا کر رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں 27 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور محمد الیاس نے بھی دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈینیل کرسچن ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز کی قیادت عماد وسیم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بابراعظم، شرجیل خان، کولن انگرام، جو کلارک، محمد نبی، ڈینیل کرسچن، محمد الیاس، عباس آفریدی، محمد عامر اور ارشاد اقبال شامل ہیں۔
پشاور زلمی کی قیادت شعیب ملک کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کامران اکمل، ٹام کیڈمور کوہلر، حیدر علی، روی بوپارا، شرفین ردرفورڈ، عماد بٹ، عمید آصف، ثاقب محمود، محمد عرفان اور محمد عمران شامل ہیں۔