کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم ترین غیر ملکی کھلاڑی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا، شائقین کرکٹ کیلئے تشویشناک خبر آ گئی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم ترین غیر ملکی کھلاڑی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو ...
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا اہم ترین غیر ملکی کھلاڑی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا، شائقین کرکٹ کیلئے تشویشناک خبر آ گئی
سورس: Twitter

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم ترین اوپننگ بلے باز ٹام بینٹن کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے جس کے باعث حکام کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ کراچی میں جاری ہے تاہم اس دوران مختلف ٹیموں سے منسلک کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے افراد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کھلبلی سی مچ گئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) حکام بھی خاصی پریشانی کا شکار ہیں۔ 
یکم مارچ کو خبر سامنے آئی کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے غیر ملکی کھلاڑی فواد احمد کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کو ہوٹل میں ہی روک لیا گیا اور ان کے کورونا وائرس ٹیسٹ کئے گئے جب اسی روز دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول میچ پہلے تاخیر سے شروع کرنے کا اعلان ہوا لیکن پھر اسے موخر کرتے ہوئے اگلے روز یعنی دو مارچ بروز منگل کھیلا گیا۔ 
آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑی ٹام بینٹن کے کورونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مثبت آ گئی ہے جس کے بعد انہیں قرنطینہ کر دیا گیا ہے جس کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اگلے چند میچز کیلئے بھی وہ دستیاب نہیں ہوں گے جبکہ اس کے بعد لاہور میں شیڈول میچز کی کراچی منتقلی کے امکانات بھی بڑھ گئے ہیں۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچتے ہوئے ٹورنامنٹ کا مکمل انعقاد چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ جمعرات کے روز تمام فرنچائزز کے کھلاڑیوں کی دوبارہ کورونا وائرس ٹیسٹنگ کی جائے گی اور ان رپورٹس پر ہی لاہور میں شیڈول میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 
دوسری جانب پی سی بی شیڈول کے مطابق لاہور کے میچز لاہور میں ہی کروانا چاہتا ہے اور اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے کھلاڑیوں کی باحفاظت لاہور منتقلی کی خاطر تین چارٹرڈ طیارے بھی بک کروا لئے گئے تاہم ان میچز کی ری شیڈولنگ کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ 

مزید :

کھیل -PSL -PSL News Update -