سینیٹ کی دوسری نشست جے یو آئی کو مل گئی، کامیاب امیدوار کا نام سامنے آگیا

سینیٹ کی دوسری نشست جے یو آئی کو مل گئی، کامیاب امیدوار کا نام سامنے آگیا
سینیٹ کی دوسری نشست جے یو آئی کو مل گئی، کامیاب امیدوار کا نام سامنے آگیا

  

کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹ الیکشن میں جمعیت علما اسلام (جے یو آئی ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری بلوچستان سے کامیاب ہوگئے ہیں۔ 

سینیٹرز کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ جاری ہے۔ بلوچستان اسمبلی میں تمام 65 ووٹ کاسٹ ہونے کے بعد نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں۔ یہاں سے پہلی جنرل نشست پر آزاد امیدوار عبدالقادر کامیاب قرار پائے جبکہ دوسری جنرل سیٹ پر جے یو آئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری بھی بلوچستان سے سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔ انہیں متحدہ اپوزیشن اتحاد (پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ) کی حمایت حاصل تھی۔

خیال رہے کہ  سینیٹ انتخابات کیلئے 37 نشستوں پر پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے جس کے بعد گنتی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ 

ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد پانچ بجتے ہی قومی اسمبلی کے ہال کے دروازے بند کرکے الیکشن کمیشن کے عملے نے ووٹوں کی گنتی شروع  کردی۔اس وقت قومی اسمبلی کا ایوان 341 اراکین پر مشتمل ہے جن میں سے 340 ووٹ کاسٹ ہوئے۔ جماعت اسلامی کے رکن مولانا عبدالاکبر چترالی نے قومی اسمبلی میں کسی کوووٹ کاسٹ نہیں کیا۔ بلوچستان اسمبلی میں تمام 65 ارکان نے ووٹ کاسٹ کردیے ہیں جس کی وجہ سے یہاں بھی  ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی ہے۔سندھ اسمبلی میں تمام 167 ارکان نے ووٹ ڈالے  جس کے بعد یہاں بھی گنتی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔

 خیبر پختونخوا اسمبلی میں 145 میں سے 128ووٹ  کاسٹ کیے جاچکے ہیں۔ اگرچہ ووٹنگ کا وقت ختم ہوچکا ہے لیکن اسمبلی میں موجود اکان اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں غلط نشان لگنے کی وجہ سے 13 حکومتی اراکین نے دوبارہ بیلٹ پیپر حاصل کیے۔

 پنجاب کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد کی 2، سندھ کی 11، خیبرپختونخوا کی 12 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر ووٹنگ ہوئی ۔ صوبوں کی نشستوں پر ارکان صوبائی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے جبکہ اسلام آباد کی 2 نشستوں پر ارکان قومی اسمبلی نے ووٹ کاسٹ کیے۔

 وفاق اور صوبوں میں جنرل نشستوں پر 39 امیدوار آمنے سامنے ہیں، خواتین 18، ٹیکنو کریٹ 13 اور اقلیتی نشستوں پر 8 امیدوار مدمقابل ہیں۔ آئین کے مطابق سینیٹ انتخابات خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوئے۔اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

مزید :

قومی -علاقائی -بلوچستان -کوئٹہ -