حفیظ شیخ کی شکست کی اصل وجہ کیا ہے ؟ سینئر صحافی نصراللہ ملک نے حیران کن دعوی کر دیا 

 حفیظ شیخ کی شکست کی اصل وجہ کیا ہے ؟ سینئر صحافی نصراللہ ملک نے حیران کن دعوی ...
 حفیظ شیخ کی شکست کی اصل وجہ کیا ہے ؟ سینئر صحافی نصراللہ ملک نے حیران کن دعوی کر دیا 

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف تجزیہ کاراورسینئرصحافی نصراللہ ملک نےکہاہےکہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )میں بڑے پیمانے پر گروپ بندی ہےاوریوسف رضا گیلانی کی فتح بھی تحریک انصاف کی اندرونی دھڑے بندیوں کا نتیجہ ہے،وزیراعظم عمران خان اپنی ناراض اتحادی جماعتوں کو تو  مناتے رہے لیکن پارٹی کی اندرونی دھڑے بندیوں پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے حفیظ شیخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

 تفصیلات کے مطابق یوٹیوب چینل پر  گفتگو کرتے ہوئے نصراللہ ملک کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ماضی میں بھی الزام تراشی کی سیاست کرتی رہی ہے اور اب حفیظ شیخ کی شکست کے بعد بھی پی ٹی آئی یہی روش اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے ،وزیراعظم عمران خان اور حکمران جماعت نے اپنے اندرونی معاملات کا جائزہ لینے کی بجائے الزام تراشی اور ووٹوں کی خرید و فروخت کی روش برقرار رکھی تو آنے والے دنوں میں تحریک انصاف میں دھڑے بندیاں مزید مضبوط ہوں گی اور حکومت کے لئے مشکلات پیدا ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا مسترد ہونے والے سات ووٹوں کی تحقیقات کا اعلان ایک نیا پنڈورا باکس کھول دے گا جس سے اپوزیشن کی بجائے حکومت کے لئے مسائل کھڑے ہوں  گے ،حکومت نے مزید مسائل سے بچنے کے لئے اپنی گورننس بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پارٹی کے اندرونی اختلافات پر قابو نہ پایا تو آنے والے دنوں میں عمران خان پر دباؤ مزید بڑھ جائے گا ۔

نصراللہ ملک کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کے خلاف خطرے کی گھنٹی بج چکی ہے،پنجاب کے اندر بھی سینیٹ الیکشن ہوتا تو تحریک انصاف کے لئے مشکلات پیدا ہو جانی تھی ،تحریک انصاف کے کئی اراکین اسمبلی یہ سمجھتے ہیں کہ پنجاب میں گورننس بہتر نہ ہونے سے وہ اگلا الیکشن ہار جائیں گے اور کئی اراکین حکومت کو چھوڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں،تحریک انصاف نے پارٹی کے اندرونی اختلافات کی بجائے سینیٹ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت اور پیسوں کے استعمال کا واویلہ مچانے کی کوشش کی تو دھڑے بندیاں مزید مضبوط ہو جائیں گی اور حکومت کو مستقبل میں زیادہ بڑے چیلنجز کا سامنا کرناپڑے گا ۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -