” ضمیروں کے سوداگر اپنے دھندے سے باز نہ آئے ، ویڈیو نے پہلے سے بدنام منی کو مزید بدنام کر دیا “

” ضمیروں کے سوداگر اپنے دھندے سے باز نہ آئے ، ویڈیو نے پہلے سے بدنام منی کو ...
” ضمیروں کے سوداگر اپنے دھندے سے باز نہ آئے ، ویڈیو نے پہلے سے بدنام منی کو مزید بدنام کر دیا “

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  سینٹ الیکشن میں نوٹوں کی چمک جیت اورجمہوریت ہار گئی، ضمیروں کے سوداگر اپنے دھندے سے باز نہ آئے،ویڈیو نے پہلے سے”بدنام منی کو مزید بدنام“کر دیا ہے،سیاسی سوداگر وں کی طرف سے سودے ہوتے پوری دنیا نے دیکھے ،کرپٹ ٹولے کی تو پوری لٹیا ہی غرق ہو چکی ہے،نوٹوں کی چمک جیت گئی اور جمہوریت ہار گئی، گیلانی کی جیت دراصل جمہوری اقدار کی ہار ہے۔

 اپنےبیان میں ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان کاکہناتھاکہ سینیٹ الیکشن میں کرپشن کی روک تھام سے متعلق سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود ضمیروں کے سوداگر اپنے دھندے سے باز نہ آئے، الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل کی بہتری، ضمیر کے سوداگر اور ضمیر فروش مکروہ چہرے بےنقاب کرنے کیلئے اس معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا،جعلی راجکماری جہاں گیلانی کی جیت کا جشن منا رہی ہیں وہیں فرزانہ کوثر کی ہار کو اپنے بیانیہ کی شکست بھی تسلیم کریں،تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون امیدوار فوزیہ ارشد پر  174 اراکین قومی اسمبلی نے اعتماد کا اظہار کیا جو دراصل پی ٹی آئی اراکین کا وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے، تحریک انصاف کے پاس قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت سے زیادہ ووٹ ہیں اور اگر مسترد شدہ ووٹوں کا شمار بھی کیا جائے تو پی ٹی آئی کے تمام ووٹ فوزیہ ارشد کے حصے میں آئے ہیں، حفیظ شیخ اور گیلانی کا مقابلہ حقیقت میں پیسے کی طاقت اور حق اور سچائی کے درمیان تھا، بد قسمتی سے پیسے کے ہاتھوں حق کے بیانیہ کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) عارضی فتح پر شادیانے بجا رہی ہے مگر پی ڈی ایم کو مستقبل قریب میں سمجھ آ جائے گی کہ پیسے کی طاقت انہیں زیادہ عرصہ تک فتح  نہیں دلا سکتی۔ 

انہوں نے کہا کہ بدنام زمانہ ویڈیو کےبعداپوزیشن گھر کی رہی نہ گھاٹ کی ،منڈیا ں لگانے والوں کو کوئی شرم ہےنہ حیا،ان میں ذرا سی بھی غیرت ہوتی تو یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مرتے، جعلی راجکماری اور مسٹر 10 پرسنٹ نے جمہوری اور اخلاقی اقدار کی دھجیاں اڑائی ہیں ، قوم شفافیت کے نام پر دھبے کبھی برداشت نہیں کرے گی ،وزیر اعظم عمران خِان ہر الیکشن کو شفاف بنانے کیلئے پر عزم ہیں ،قوم آج پاکستان تحریک انصاف کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے ،کرپٹ عناصر کا گھسا پٹا بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج سینیٹ میں عجب کرپشن کی غضب داستان رقم ہوئی جس کے دوررس نتائج نکلیں گے، ضمیروں کی بولیاں لگانے والے سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے تمام تر احکامات کے باوجود اپنے دھندے سے باز نہ آئے، عبدالحفیظ شیخ کے مقابلے میں واضح طور پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی نے ووٹ خریدے جس کے ویڈیو ثبوت اور اعتراف جرم سب کے سامنے ہیں،حکومت کے پاس اب بھی سادہ اکثریت (172) سے زیادہ ووٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی جیت سے عوام کا یقین پختہ ہو گیا کہ اپوزیشن کے سیاستدانوں نے کرپشن سے جو مال بنایا تھا آج وہ استعمال کر لیا ہےلیکن اپوزیشن یاد رکھے عمران خان آخری بال تک لڑنے والے کپتان ہیں،برائی کےسامنے نیکی کبھی ہتھیار نہیں ڈالتی آخری فتح ہمیشہ حق کی ہی ہوتی ہے، عمران خان پاکستان کے عوام کی آخری امید ہیں وہ ریاست مدینہ کا چوروں ڈاکووؤں سے صورت تحفظ کریں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سارا پاکستان یوسف رضا گیلانی کے شرمناک ماضی سے واقف ہے، ان کا سارا ٹبر ان کیلئے سودے بازیاں کرتا رہا، ایک بیٹے نے تو ویڈیو وائرل ہونے پر بھی ڈھٹائی سے اسے اپنا حق قرار دیا،ہر آنے والا دن عمران خان کے موقف کو درست ثابت کررہا ہے، سینیٹ جیسے مقدس ایوان کے تقدس کو پامال کرنے والے یہ لوگ بے نقاب ہونگے، ووٹ کو عزت دو کو نعرے لگانے والوں نے ووٹ کیلئے نوٹ دو ، افسوس ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے اپنی عزت داو پرلگائی جبکہ سینیٹ کی ایک سیٹ کے لیے پیپلز پارٹی نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیا۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -