جنرل باجوہ سے کمانڈ ر ایرانی فضائیہ کی ملاقات، دفاع، سلامتی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق

    جنرل باجوہ سے کمانڈ ر ایرانی فضائیہ کی ملاقات، دفاع، سلامتی کے شعبوں میں ...

  

      راولپنڈی(آئی این پی)آرمی چیف  جنرل قمر جاوید باجوہ   نے  علاقائی استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے کہا ہے کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔بدھ کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔ایرانی فضائیہ کے کمانڈر سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے  علاقائی استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پربھی  زور دیا   جبکہ دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔آئی ایس پی آر  کے مطابق  ملاقات میں ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا، ملاقات میں اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے موثر اقدامات کو بھی سراہا۔

آرمی چیف

مزید :

صفحہ اول -