موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو اضلاع کی سطح پر توسیع دی جائیگی: عاطف خان

موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو اضلاع کی سطح پر توسیع دی جائیگی: عاطف خان

  

       پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر خوراک، سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام سے صوبے میں شہریوں تک معیاری، صحت مند و محفوظ خوراک تک رسائی مزید بہتر ہوگی۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کو ابتدائی طور پرصوبے کے سات ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں قائم کیا گیا ہے، جسے اب صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی توسیع دی جائیگی۔  انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کے روز محکمہ خوراک میں فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے شہریوں کو یہ ادراک ہوتا ہے کہ حکومت کو ان کی فلاح کا خیال ہے۔ تقریب میں سیکرٹری خوراک کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد، ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارتی شاہ رخ علی خان اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کی کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر شبینہ رضانے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں مختلف قسم کے ٹیسٹنگ آلات رکھے گئے ہیں، جن سے چند منٹوں میں دودھ سے لیکر پانی، آٹے، خوردنی تیل، گھی و دیگر اشیائے خوردونوش کے ٹیسٹ کئے جائینگے۔ عاطف خان نے کہا کہ نظام میں شفافیت کے لئے ما نیٹر نگ کا نظام بھی رکھا گیا ہے، تاکہ جرمانہ کرنے اور ہونے والے دونوں کو جوابدہ بنایا جاسکے۔ لیبارٹریز سے صوبے میں خوراک کا معیار بہتر ہوگا، صاف اور صحت مند غذائیں میسر آئینگی، جس سے مضر صحت خوراک سے پھیلنے والی بیماریوں پر قابو پایا جاسکے گا اور صحت کے شعبے پر بوجھ کم ہوگا۔ وزیر خوراک عاطف خان کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو صوبے بھر میں تعلیمی اداروں اور سرکاری و نجی ہسپتالوں میں خوراک کا معیار یقینی بنانے کے حوالے سے کریک ڈاون شروع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ عاطف خان نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی کو لیبارٹریز بروقت مکمل کرنے پر خراج تحسین بھی پیش کیا۔ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری محکمہ خوراک کیپٹن ریٹائرڈ مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ لیبارٹریز کو احسن طریقے سے  استعمال کرنے کے لئے ورک پلان بنایا جائیگا، جس کے تحت مختلف اضلاع میں خوراک کا معیار یقینی بنانے کے لئے مفت ٹیسٹ کئے جائینگے اور شہری بھی اس سہولت سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا بھی موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے حوالے سے شہریوں میں آگاہی پھیلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام کا سہرا وزیر خوراک عاطف خان کو جاتا ہے۔ خوراک کا معیار بہتر کرانے کے لئے تکنیکی صلاحیت کو مزید بہتر کیا جارہا ہے۔ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری ملکی سطح پر اپنی طرز کی ایک جدید لیبارٹری ہے۔ تقریب میں نیوٹریشن انٹرنیشنل کی جانب سے وزیر خوراک عاطف خان کو سی ڈی آر مشین فراہم کی گئی، سی ڈی آر مشین موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز میں رکھے جائینگے، جس سے خوردنی تیل کا معیار چیک کیا جاسکے گا۔

مزید :

صفحہ اول -