ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی کرنے والے3 ملزمان گرفتار
گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) گوجرانوالہ پولیس نے ڈکیتی وارداتوں کے دوران خواتین سے زیادتی کرنے والے3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
نجی ٹی وی" دنیا نیوز" کے مطابق پولیس نے گرفتار ملزمان کی شناخت ذیشان ، ساجد اور عامر کے نام سے کر لی، ذیشان اور عامر سگے بھائی بتائے گئے ہیں، تینوں ملزمان نے تھانہ اروپ، تتلے عالی اور لدھیوالہ وڑائچ کے علاقوں میں ڈکیتی کے دوران خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے بتایا کہ 26 فروری کو ملزمان نے اروپ میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے ڈکیتی کے دوران ماں اور بیٹی کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی تھی، ملزمان نے مزید درندگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقدمہ درج کروانے پر گزشتہ روز دوبارہ متاثرہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے احکامات جاری کئے تھے جس کے بعد پولیس نے ایکشن لیا۔