کراچی کی شکست پر اپنے غصے کے بارے میں وسیم اکرم کا رد عمل سامنے آگیا

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کراچی کنگز کی شکست پر اپنے غصے کی وجہ بتا دی ۔ ان کا کہنا تھا کہ میں بھی انسان ہوں اور ہر انسان میں جذبات فطری عمل ہے ، میں اگر مجھے صورتحال اچھی نہیں لگ رہی تو پھر غصہ آنا فطری عمل ہے ۔ وسیم اکرم نے کہا کہ کراچی کنگز اپنے زیادہ تر میچز بہت قریب جا کر ہار جاتی ہے اس وجہ سے غصہ آتا ہے لیکن میرے غصے پر لوگ طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لوگوں کی باتوں سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ تنقید کرنے والوں کے پاس بہت فارغ وقت ہوتا ہے ،اس لیے وہ اپنا وقت تنقید کرنے پر استعمال کرتے ہیں ، جب جب کراچی کا میچ ہوتا ہے تو میں ٹرینڈنگ پر آجاتا ہوں ،پھر اگلے دن کسی او ر میچ میں کوئی اور ٹرینڈنگ پر ہوتا ہے اور یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہتا ہے ۔ وسیم اکرم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اب مجھے ڈریسنگ روم کے کسی کونے میں چھپ کر بیٹھنا پڑے گا ۔