ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟
ستاروں کی روشنی میں آپ کا آئندہ ہفتہ کیسا گزرے گا؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل 
آپ کافی دنوں سے جن مشکلات میں آئے ہوئے تھے اب اس سے نکلنے کا بحکم اللہ وقت آ گیا ہے۔ دو تین یوم میں صورت حال بہت شاندار اور آپ کے حق میں بہتر ہو جائے گی اور تنگ کرنے والے بھی آہستہ آہستہ زندگی سے نکل جائیں گے۔ ان دنوں روز گار کا خانہ بھی اچھے انداز سے کھل رہا ہے۔ آپ کی مالی پوزیشن جس قدر بھی کمزور کیوں نہ ہو، وہ برسوں بعد بہترین ہونے جا رہی ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی 
ایک اہم مسئلے سے نکلنے میں ان شاءاللہ کامیاب ہوں گے اور ضرورت کے تحت کچھ رقم ہاتھ میں آنے کے امکانات روشن ہیں جن کی مدد سے آپ خودکو سکون میں محسوس کریں گے اور جس طرف سے مخالفت ہو رہی تھی اس کا سلسلہ بھی اب رک جائے گا جو لوگ برسوں سے تبدیلی کے خواہشمند تھے، ان کے لئے اب اس حوالے سے خبریں ملنا شروع ہو جائیں گی۔ حالات کے مطابق خود بھی قدم اٹھائیں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
آپ جو چاہ رہے ہیں وہ ابھی نا ممکن لگ رہا ہے اور جو مل رہا ہے اس کا شکر ادا کریں۔ اس وقت ضرورت سے زیادہ تیزی دکھانے کی ضرورت نہیں ہے۔ اپنے راز کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں ۔ جو بھی سلسلہ آپ کی مدد کے لئے بنے گا وہ ان شاءاللہ خودبخود بن جائے گا آپ کو اس کے لئے کچھ نہیں کرنا ہوگا اور جن لوگوں نے روز گار کے حوالے سے بیرون ملک سفر کرنا ہے وہ تیاری شروع کر دیں۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ کی عقل ان دنوں بالکل ساتھ نہیں دے رہی، غلطی پہ غلطی کئے جا رہے ہیں جو آپ کے لئے سخت نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے اور کوئی آپ کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش بھی کر رہا ہے۔ اس لئے آپ دل کی بجائے دماغ سے کام لیں۔ اس بار کوئی غلطی ہوئی تو لینے کے دینے پڑ جائیں گے اور رسوائی کا الگ سامنا ہوگا۔ آپ کسی کے ساتھ ملکر جو پلان بنا رہے ہیں وہ بھی ٹھیک نہیں لگتا۔ تبدیلی کرنے کی ضرورت ہے۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
آپ کے لئے وہ راستہ کھل رہا ہے جو برسوں پہلے بند ہو چکا تھا اور آپ کی زندگی مشکلات کا شکار چلی آ رہی تھی، اب زحل اور عقرب زائچے سے نکل گئے ہیں۔ اس لئے آپ کو بہت سے معاملات میں بہتری کا سامنا ہوگا اور آپ کی مالی پوزیشن خاص طور پر بہتر ہو سکے گی جو لوگ شادی کی بندش کا شکار تھے، اب وہ بندش کھل چکی ہے اس ہفتے ہی آپ کو خوشی کی خبر مل جائے گی، ان شاءاللہ ۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ دوہری شخصیت کے درمیان ہیں۔ آجکل اس کی وجہ سے آپسی جھگڑے اور تعلقات میں خرابی کا اندیشہ ہے۔ اس لئے ہر بات پر یقین نہ کریں اور کچھ باتیں جان بوجھ کر بھی نظر انداز کر دیں تاکہ خانگی معاملات میں کشیدگی سے بچا جا سکے، البتہ روز گار کا خانہ پہلے سے اب بہت مضبوط ہو رہا ہے۔ آپ کو اس میں محنت کی ضرورت ہے تاکہ سابقہ تمام نقصانات کا ازالہ ممکن ہو سکے اور فائدہ حاصل ہو۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
 صحت کا خانہ بے حد کمزور ہے آپکا بھی اور آپ کے گھر والوں کا بھی۔ ایسے لگتا ہے جیسے کسی نحوست کا شکار ہیں اور وہ بری طرح پیچھے پڑی ہوئی ہے۔ روزانہ گھر میں سورة بقرہ کی تلاوت اُونچی آواز میں 21 دن تک لگائیں اور خود بھی سورةحشر کی آخری تین آیات پڑھ کر گھر سے نکلا کریں جو لوگ اپنے حق سے محروم ہیں، وہ ان شاءاللہ جلد اس کو پالیں گے، اس کے سلسلے بن رہے ہیں۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
ایک اہم معاملے سے نکلنے کی خبر کسی وقت بھی آ سکتی ہے آپ جس طرح کی نحوست کا شکار تھے، ان شاءاللہ وہ جلد ختم ہونے والی ہے، شاید تین چار یوم میں یہ سلسلہ بن جائے ، آپ ان دنوں جس طرف دل لگی کرنے کی کوشش میں ہیں اس سے باز آ جائیں کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ بدنامی مل سکتی ہے۔ اپنے روز گار پر توجہ، آپ کو برسوںکے بعد بہتری کی طرف لے کر جا سکتی ہے۔اس طرف خصوصی دھیان دیں۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
آپ جس انداز سے اپنے کام میں لگے ہوئے ہیں، اس سے کچھ حاصل نہیں ہونا اب خود میں تبدیلی لانے کا وقت ہے اور جس قدر سنجیدہ ہو سکتے ہیں ہو جائیں۔ اگر آنے والے دنوں سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں جو لوگ ہمت دکھا کر اپنے حق کو مانگ سکتے ہیں وہ ہمت کر لیں۔ یہ دن ایسے ہیں کہ آپ کو آپ کا حق مل جائے گا۔ خواہشمند افراد کا من پسند جگہ رشتہ بھی طے ہو سکتا ہے اور ضرورتیں غیبی انداز میں پوری ہوں گی۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری 
ایک بار پھر وارننگ دی جا رہی ہے کہ اپنی عمر کے حساب سے چلیں اور دل لگی تو ہرگز نہ کریں۔ جو لوگ باز نہیں آئیں گے وہ کسی بڑی مشکل میں پھنس سکتے ہیں اس وقت ویسے بھی مخالفت کرنے والے آپ کے لئے سخت پریشانیاں لا سکتے ہیں وہ کسی موقع کو اپنے ہاتھوں سے جانے نہیں دیں گے صدقہ دیں اور 450 مرتبہ حسبنا اللہ و نعیم الوکیل کا ورد روزانہ کریں کسی کا بھی اعتبار نہیں کرنا اور نا ہی کسی جگہ رقم بلاک کرنی ہے۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری 
اللہ سے اپنے لئے خیر کی دعا کریں بعض اوقات مکافات عمل بھی چل رہا ہوتا ہے سچی توبہ کریں اور جن کے ساتھ زیادتی ہو گئی تھی، ان کے حق میں دعا خیر کریں اور خود بھی معاف کرنا سیکھیں۔ معاملا سارا حقوق العباد کا ہے یہ ٹھیک ہو گئے تو سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔ جن لوگوں نے کام میں تبدیلی کرنی ہے بسم اللہ کریں اور جو لوگ نوکری وغیرہ کی تلاش میں ہیں، ان کے لئے یہ ہفتہ خوشی کا پیغام لے کر آیا ہے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
اپنے حوالے سے جو بھی پریشانیاں، مشکلات اور رکاوٹیں محسوس کی جا رہی ہیں، ان شاءاللہ اسی ہفتے ان کا خاتمہ ہو جائے گا اور جن لوگوں نے اپنا حق کھو دیا تھا وہ بھی واپس مل جائے گا۔ ان دنوں آپ بلا وجہ کے جھگڑے میں نا آئیں خاص طور پر خاندانی معاملے سے دور رہیں، ورنہ اپنوں کے ساتھ جھگڑے کی شکل بن جائے گی۔ آپ کی چند دنوں کی خاموشی آپ کو بڑی پریشانی اور کشیدگی سے بچا لے گی۔