تحریک لبیک کے زیراہتمام رمضان فہم دین کورسز کا آغاز

  تحریک لبیک کے زیراہتمام رمضان فہم دین کورسز کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(پ ر) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام ملک بھر میں ماہِ رمضان میں ”فہم دین کورسز“ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ اور تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے 33 سال قبل ”فہم دین کورسز“ کا آغاز کیا تھا جنہیں اللہ تعالیٰ نے بڑی مقبولیت عطا کی اور چلتے چلتے یہ کورسز ایک تحریک کی شکل اختیار کر گئے۔ تحریک کی طرف سے پورے ملک میں پہلے سے بڑے پیمانے پر ماہِ صیام میں فہم دین کورسز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ فہم دین کورسز کی افادیت بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ضروریاتِ دین سے آگاہی کے لیے فہم دین کورسز کروائے جا رہے ہیں ۔ دین کو سمجھے بغیر دین پر عمل کرنا ممکن نہیں۔ نظام مصطفی ؐ کے لیے قوم کو فکری طور پر تیار کرنے کے لیے ”فہم دین کورسز“ کروائے جا رہے ہیں۔ عقائد اسلامی کے فروغ، اعمال صالحہ کی ترویج اور سیرت و کردار کی تعمیر کے لیے ”فہم دین کورسز“ ماہ صیام کے روحانی لمحات میں بڑا کردارا دا کرتے ہیں۔ ان کورسز سے ہر طبقہ اور ہر عمر کے لوگ لاکھوں کی تعداد میں مستفید ہو چکے ہیں۔ ”فہم دین کورسز“ میں تفسیر قرآن مجید، شرح حدیث اور فقہی مباحث کے ساتھ ساتھ علم کلام، تصوف اور تاریخ کے موضوعات کی روشنی میں عصر حاضر میں اسلام پر ہونے والے تمام حملوں کا جواب دیا جاتا ہے۔

 دریں اثناء ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے مبلغین کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو مقاصد قرآن سے روشناس کرانے کے لیے دن رات محنت کریں اور دعوت و تبلیغ کی خاطر کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انسان ایک زندگی بسر کرتا ہے جبکہ ایک مبلغ بیک وقت کئی زندگیوں کے ضمن میں زندہ رہتا ہے۔ ان کی تبلیغ سے جتنے لوگ گناہوں سے بچ کے نیک سیرت بن جاتے ہیں ان کے اعمال صالحہ سے ان کی طرح انہیں راہ راست پر لانے والوں کو بھی ثواب ملتا ہے۔