امریکہ،اسرائیل کے ایران پر حملے تشویشناک،خالد مسعود
لاہور(نمائندہ خصوصی)مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے امریکہ اور اسرائیل کے حالیہ حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر اتحاد امت کے لیے پاکستان کی تمام جماعتوں اور اسٹیک ھولڈرز کو مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے آگے بڑھنا ہوگا۔ سینئر صحافیوں کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر سولین کو نشانہ بنانا انتہائی افسوس ناک فعل ہے۔ا نہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی عسکری کارروائیوں سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور امن خطرے میں پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ حالات مزید پیچیدہ اور خطرناک رخ اختیار کر لیتے ہیں۔ خطے میں امن، تحمل اور سفارت کاری کو فروغ دیا جانا چاہیے۔
۔ اس موقع پر شعبہ خدمت خلق کے چیئرمین شفیق الرحمن وڑائچ نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ تعمیر معاشرہ کے وسیع تر ویڑن پر گامزن ہے جس میں کئی ایک پراجیکٹ عوامی خدمت کے لیے مصروف عمل ہوں گے۔ ہر یونین کونسل کی سطح پر 30 کے قریب پراجیکٹ کام کریں گے۔ ترجمان تابش قیوم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ اسلام آباد کے صدر انعام الرحمن کمبوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ حالیہ انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد عوامی خدمت اور سہولت کے لیے میگا پراجیکٹ لانچ کرنے جا رہی ہے جس سے کمیونٹی کے ہر شعبے کو بالواسطہ یا بلا واسطہ فائدہ پہنچے گا۔ مرکزی مسلم لیگ عوام کے حقیقی مسائل کو اڈریس کرنے کا جامع منصوبہ رکھتی ہے۔
