میلانیا ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی ، ایران کی مذمت
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کر کے انوکھی تاریخ رقم کر دی تاہم ایران نے امریکہ کی شمولیت کی شدید مذمت کی اور کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ایران کے شہری علاقوں پر حملے کیے جارہے ہوں بچوں کے تحفظ پر اجلاس بلاناانتہائی شرمناک اور منافقانہ عمل ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکہ کی خاتونِ اوّل نے اپنی تقریر میں دنیا بھر کے بچوں کے حقوق اور ان کی تعلیم کے لیے آواز بلند کی ، نیویارک میں منعقدہ اجلاس میں میلانیا ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ دنیا بھر کے بچوں کے محفوظ مستقبل اور تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔اپنے خطاب میں میلانیا ٹرمپ نے بچوں کی تعلیم کو ’’برداشت اور عالمی امن کے فروغ‘ ‘میں کلیدی عنصر قرار دیا۔
یہ پہلا موقع تھا کہ کسی بھی عالمی رہنما کی شریکِ حیات نے سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی۔امریکہ نے رواں ماہ اقوامِ متحدہ کی کونسل کی گردشی صدارت سنبھالی ہے اور اسی حیثیت میں میلانیا ٹرمپ نے اجلاس کی قیادت کی ہے۔
