رواں مالی سال خام روئی کی ملکی برآمدات میں 43فیصد کا نمایاں اضافہ
لاہور (کامر س رپورٹر) رواں مالی سال 2013-14ءکے پہلے نو مہینوں کے دوران خام روئی کی ملکی برآمدات میں 43.48فیصد کا نمایاں اضافہ جبکہ ٹیکسٹائلز کے متفرق سامان کی برآمد میں بھی گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران 20.30فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق رواں سال میں جولائی تا مارچ کے دوران 18لاکھ 95ہزار ڈالر کی خام روئی برآمد کی گئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران 12کروڑ 67لاکھ 74ہزار ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ پی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران ٹیکسٹائل کے متفرق سامان کی برآمد سے 28کروڑ 89لاکھ 59ہزار ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا جبکہ رواں مالی سال میں نو ماہ کے دوران 34کروڑ 76لاکھ 20ہزار ڈالر کا زرمبادلہ کمایا گیا ہے ۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں خام روئی کی ملکی برآمدات میں 43فیصد سے زائد اور ٹیکسٹائل کے متفرق سامان کی برآمدات میں بھی 20فیصد سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔