لاہور چیمبر اگست میں منعقد ہونےوالے سوات ٹریڈ شومیں حصہ لے گا

لاہور چیمبر اگست میں منعقد ہونےوالے سوات ٹریڈ شومیں حصہ لے گا

  



لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری رواں سال اگست میں منعقد ہونے والے سوات ٹریڈ شو/سمپوزیم میں حصہ لے گا اور اسے کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے ہرممکن تعاون مہیا کرے گا۔ یہ بات لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے لاہور چیمبر میں مالاکنڈ آرمی ڈویژن کی جانب سے سوات فیسٹیول 2014پر ایک پریزنٹیشن کے موقع پر کہی۔ کرنل معین نے شرکاءکو تفصیلی بریفنگ دی جبکہ کرنل شفیق نے چترال کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین میاں زاہد جاوید احمد اور مدثر مسعود چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر نے سوات کے علاقے میں قیام امن پر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک میں معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے ،لاہور چیمبر سوات کی پوٹینشل سے اچھی طرح آگاہ ہے اور اپنے ممبران کو آمادہ کرے گا کہ وہ یہاں موجود تجارتی مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ وہ شو میں شرکت کے لیے ایک بڑے وفد کو حتمی صورت دینے کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی سے بات کریں گے۔

 قبل ازیں، پریزنٹیشن دیتے ہوئے کرنل معین نے لاہور چیمبر کے ممبران کو کاروباری مواقعوں سے آگاہ کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر اور پھلوں کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں جن سے تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سوات ٹیکس فری خطہ ہے لہذا یہاں کی جانے والی سرمایہ کاری سے بہت فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین فیسٹیول پائپ لائن میں ہیں، پہلا کالام فیسٹیول کے نام سے 19تا 22جون تک، دوسرا سوات ٹریڈ شو کے نام سے اگست جبکہ سیکنڈ سوات گولف ٹورنامنٹ بھی اس سال منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس میں ملک بھر سے لوگوں کی شرکت یقینی بنائی جارہی ہے۔ سوات ٹریڈ شو کے ساتھ کاروباری مواقعوں پر ایک کانفرنس بھی منعقد ہوگی جس میں کاروبار سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سوات میں حالات معمول پر آنے کے بعد یہ غیرملکی سیاحوں کی جنت بن گیا ہے ، تاجروں کو یہاں سیاحت اور ہوٹل کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

مزید : کامرس


loading...