انٹرن شپ پروگرام بے حد مفیدو معاون ثابت ہوگا‘ پیاف

انٹرن شپ پروگرام بے حد مفیدو معاون ثابت ہوگا‘ پیاف

  



لاہور( کامرس رپورٹر)انٹرن شپ پروگرام مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کارکردگی بڑھانے اور بے روزگاری کم کرنے میں بے حد مفید و معاون ثابت ہوگا۔ پیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کے اقدام کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیاف پنجاب حکومت کے صنعت دوست پروگرام کو کامیاب بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ترقی یافتہ ممالک میں انٹرن شپ پروگرام کو ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے لازم قرار دیا جاتا ہے۔ ہر سٹوڈنٹ کے لیے لازمی ہے کہ وہ تعلیم سے فارغ ہوتے ہی اپنے مضمون کے مطابق کسی کاروباری ادارے کے ساتھ منسلک ہو جہاں اسے جاب کی تربیت ملنے کے ساتھ ساتھ مالی وسائل بھی حاصل ہوتے ہیں۔ پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ اقتصادی ترقی کی دوڑ میں آگے نکلنے والے ممالک کی ترقی کا راز انٹرن شپ پروگرام میں پوشیدہ ہے۔ پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار انٹرن شپ کا انقلابی پروگرام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محب وطن صنعتکار معاشی بحالی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کے اقدامات اور پروگراموں کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کو کامیاب و کامران اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مینوفیکچرنگ سیکٹر نے مقررہ تعداد سے بھی زیادہ لڑکوں اور لڑکیوں کو اپنے ہاں اکاموڈیٹ کیا ہے۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ یورپین یونین کی طرف سے دی گئی جی ایس پی پلس سہولت کا تقاضا ہے کہ مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کارکردگی بڑھانے کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا پروگرام جی ایس پی پلس کے مقاصد کی تکمیل کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ملک طاہر جاوید نے حکومت پر زور دیا کہ انرجی کی صورتحال پر بھرپور توجہ دی جائے ، بجلی کی کھپت اور سپلائی کے بڑھتے ہوئے گیپ کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ توانائی کے بحران سے پیدا ہونے والے مسائل کم ہوسکیں اور صنعتکار یکسوئی سے کاروبار کرسکیں۔

مزید : کامرس


loading...