حکمران جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے درپے ہیں،قاضی احمد سعید
لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر قاضی احمد سعید نے کہا ہے کہ حکمران جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کے درپے ہیں وہ ہوش کے ناخن لیتے ہوئے جمہوری اداروں کو مضبوط کریں جن کی آبیاری پیپلز پارٹی نے اپنے لہو سے کی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جمہوریت کا تسلسل سابق صدر آصف علی زر داری کی مرہونِ منت ہے ورنہ حکمرانوں نے اس کو نقصان پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی سابق صدر اور وزیر اعظم نواز شریف کی ملاقات جمہوریت سے مکمل یکجہتی کا اظہار تھا۔
جبکہ غیر جمہوری طاقتیں سیاسی نظام کو نقصان پہنچانے کے لیے اکٹھی ہو رہی تھیں انہوں نے یاددلایا کہ سابق صدر نے 11مئی 2013 کے انتخابات کے نتائج صرف جمہوریت کی خاطر تسلیم کئے تھے جو کہ بلا شبہ جمہوریت کے لیے ایک بڑی قربانی تھی پیپلز پارٹی نے11مئی کو کچھ جماعتوں کی طرف سے دھاندلی کے خلاف احتجاج سے علیحدگی اختیار کی ہے کیونکہ اس احتجاج سے جمہوریت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔