پولیس سرپرستی میں 303سے زائد قماربازی کے اڈوں کا انکشاف

پولیس سرپرستی میں 303سے زائد قماربازی کے اڈوں کا انکشاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                        لاہور ( لیاقت کھرل) صوبائی دارالحکومت میں303 سے زائد قمار بازی کے اڈوں کا انکشاف ہوا ہے، اکثر قمار بازی کے اڈے نسل درنسل اور پوری آب و تاب سے چل رہے ہیں، جنہیں پولیس کی مبینہ سرپرستی حاصل ہے، اعلیٰ پولیس افسران کی جانب سے کی جانے والی کارروائی محض ”خانہ پری“ کے طور پر ثابت ہوئی، محکمہ داخلہ پنجاب اور سپیشل برانچ کی خفیہ رپورٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے سخت نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ”پاکستان“ کو ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب اور سپیشل برانچ پولیس کے ہوتے ہوئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں قمار بازی کے اڈوں نے ایک مرتبہ پھر سر اٹھا لیا ہے اور بالخصوص لاہور میں قمار بازی کے اڈوں کی بھرمار سے جرائم کی شرح نے زور پکڑ لیا ہے اور قمار بازی کے اڈوں سے جہاں جرائم کی شرح بڑھنے لگی ہے وہاں قماری بازی کے اڈے امن و امان کی خراب صورتحال میں بھی برابر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ خفیہ اداروں کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکثر قمار بازی کے اڈے نسل درنسل چل رہے ہیں جنہیں متعلقہ تھانوں کی پولیس کو مبینہ طور پر سرپرستی حاصل ہے۔ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے کار خاص اہلکاروں کے ذریعے باقاعدہ ”ماہانہ“ مقرر کر رکھے ہیں۔ اس میں ایس پی عہدہ کے کسی سخت افسر کی تعیناتی پر محض ” خانہ پری“ کے طور پر کارروائی کی جاتی ہے اور ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کروا کر اوپر ” اوکے“ کی رپورٹ پیش کر دی جاتی ہے اور اگر پولیس افسران ایس ایچ او کے خلاف کوئی کسی قسم کی کارروائی بھی کریں تو وہ بھی محض برائے نام کارروائی کی جاتی ہے جس کے باعث قمار بازی کے اڈوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس میں سٹی ڈویژن کے تھانوں کی حدود میں قمار بازی کے اڈوں کی تعداد سب سے زیادہ بتائی گئی ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر کینٹ ڈویژن اور تیسرے نمبر پر سول لائن ڈویژن کے ماتحت آنے والے تھانوں کی حدود میں قمار بازی کے اڈے زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سٹی ڈویژن کے 22 تھانوں کی حدود میں 103 قمار بازی کے اڈے قائم ہیں۔ مصری شاہ، نولکھا، شاد باغ، اسلام پورہ، بادامی باغ، ٹبی سٹی، لوئر مال، راوی روڈ، شفیق آباد، اور تھانہ شاہدرہ کی حدود میں کئی سال پرانے 42 سے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ اسی طرح کینٹ ڈویژن کی حدود میں 86سے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جبکہ سول لائن ڈویژن کی حدود میں 37سے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ، تھانہ پرانی انارکلی، گجر پورہ اور مزنگ سمیت لٹن روڈ اور گڑھی شاہو میں قمار بازی کے 11 اڈے ایسے ہیں جو کہ کئی سالوں سے چل رہے ہیں۔ جبکہ ماڈل ٹاﺅن ڈویژن اور صدر ڈویژن میں 135 کے زائد قمار بازی کے اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ جس میں گرین ٹاﺅن، ٹاﺅن شپ، کاہنہ، کوٹ لکھپت، سبزہ زار، ہنجروال اور جوہر ٹاﺅن سمیت 15 تھانوں کی حدود میں 34 سے زائد اڈے کئی سال پرانے بتائے گئے ہیں۔ جبکہ اقبال ٹاﺅن کی ڈویژن کی حدود میں 79اڈوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔

 

مزید :

علاقائی -