میڈیا کے لوگوں کو درپیش خطرات پر سخت تشویش ہے،آصف زرداری
اسلام آباد(پ ر)سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ مناسب موقع ہے جب میڈیا کی آزادی پر صحت مندانہ بحث کی جائے اور ایک ایسا ضابطہ اخلاق ترتیب دیا جائے جو مضبوط بنیادوں پر قائم ہو اور جس کی تمام لوگ عزت کریں اور اس پر عمل کریں۔ تاہم میڈیا کے ایک سیکشن پر تصوراتی یا حقیقی زیادتیوں کے نام پر پابندی عائد کی جائے اور حالات کا بہت احتیاط کے ساتھ خیال کیا جائے اور اسے آئین کے آرٹیکل 19-A کے تحت اطلاعات تک رسائی کے حق پر پرکھا جائے۔ آصف علی زرداری نے میڈیا کے لوگوں کے خلاف کسی بھی جرم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ انہیں میڈیا کے لوگوں کے خلاف آسانی سے جرم کا ارتکاب کر سکنے پر سخت تشویش ہے۔ میڈیا کو مختلف زنجیروں اور پابندیوں سے آزاد کرانے کے لئے صحافی برادری کی جدوجہد کو سابق صدر پاکستان نے زبردست خراج تحسین پیش اور کہا کہ انہیں میڈیا کے لوگوں کے تحفظ کے خطرات پر سخت تشویش ہے۔ اس بات کی سخت ضرورت ہے کہ ایک معتبر اور موثر ادارتی طریقہ کار بنایا جائے جس سے میڈیا کا تحفظ کیا جا سکے اور اس کے لئے تمام سٹیک ہولڈروں بشمول وفاقی اور صوبائی حکومتوں، صحافیوں اور ورکنگ میڈیا کے افراد، میڈیا ہاؤسز اور میڈیا کی پیشہ ورانہ تنظیموں سے مشاورت کی جائے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ میڈیا جمہوریت، شفافیت اور احتساب کا بنیادی حصہ ہے اور میڈیا پر کوئی بھی پابندی نہیں لگانی چاہیے۔