ملک میں غداری کے فتووں کی مشینیں لگی ہوئی ہیں، ساجد میر

ملک میں غداری کے فتووں کی مشینیں لگی ہوئی ہیں، ساجد میر

  



لاہور(سٹاف رپورٹر) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ ملک میں غداری کے فتووں کی مشینیں لگی ہوئی ہیں۔قومی مفاد کی بھی من مانی تعریفیں کی جارہی ہیں۔ جس سے ہیجان پیدا ہورہا ہے۔یہ طرز عمل نیک شگون نہیں ہے۔ یہاں کوئی فرشتہ نہیں ہے ، ملکی استحکام کے لیے سب کو اپنی اپنی غلطیاں تسلیم کرنا ہو ں گی۔سب کو آئین تسلیم کرنا ہو گا۔جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان کمیٹیوں کے مذاکرات نتیجہ خیز اور بامقصد بنانے کے لئے فوجی اسٹیبلشمنٹ کو اس میں شامل کیا جائے۔ مذاکرات کی حمایت نہ کرنے والے ملک کے وفادار نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج اس جنگ میں براہ راست فریق ہے اس لئے اس کا اصل نقطہ نظر معلوم کئے بغیر مذاکراتی عمل گے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہاکہ جنگ بندی میں توسیع ہونی چاہیے حکومت، فوج اور طالبان امن عمل میں حائل رکاوٹیں دور کریں اور مذاکراتی عمل نتیجہ خیز بنائیں ۔ بدامنی کا مسئلہ طاقت کی بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کرنا ہو گا ۔ امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے ضروری ہے کہ مذاکرات کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے فوج اور طالبان دونوں سے اپیل کی کہ وہ خدا کے لئے بندوق رکھ دیں اور مذاکرات سے معاملے کا حل نکالیں۔

ساجد میر

مزید : صفحہ آخر