بھارتی فلموں پابندی کے باوجود کنگنا کی ریوالور رانی کی نمائش
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی فلم ریوالور رانی پنجاب اور سندھ سنسر بورڈ نے پاس کردی جبکہ مرکزی فلم سنسر بورڈ نے اس پر پابندی عائد کردی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ فلم میں ہندولڑکے کی مسلمان لڑکی سے شادی کرائی گئی ہے اور اس کے علاوہ مے نوشی اور تشدد کے مناظر کثرت سے دکھائے جانے پر وفاقی حکومت نے فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی لیکن مذکورہ فلم کو پنجاب اور سندھ فلم سنسربورڈ نے عام نمائش کیلئے موزوں قرار دیتے ہوئے پاس کردیا۔ گزشتہ روز فلم پنجاب اور سندھ کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کردی گئی۔ سنجیدہ فلمی حلقوں اور امپورٹرز نے حکومت کی طرف سے دوہری پالیسی اختیار کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک ہی ملک میں دو قوانین نہیں ہونے چاہئیں۔ حکومت غیر ملکی فلموں کو سنسر کرنے کی ذمہ داری صرف مرکزی فلم سنسر بورڈ کس سونپے تاکہ اس طرح کے امتیازی قوامین کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔