ہیلمٹ نے جان بچالی
بیجنگ (بیورورپورٹ) کہتے ہیں کہ جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے۔ جب قدرت کسی کو بچانا چاہ رہی ہو تو ایک تنکا بھی طوفانوں میں گھرے انسان کو بچاسکتا ہے۔ چین میں ایک خاتون کئی ٹن ریت کے نیچے قریباً آدھا گھنٹہ دفن دہی اور صرف ایک ہیلمٹ کے سہارے زندہ بچ گئی۔ چین کے جن جیانگ نامی علاقے میں 34 سالہ منگ می جیونگ جو کہ ایک تعمیراتی کمپنی کیلئے کام کرتی ہے۔ ایک تعمیراتی پروجیکٹ پر کام کے دوران ایک 80 فٹ گہرے ریت کے گڑھے میں گر گئی جس کے ساتھ ہی کئی ٹن ریت نے اسے زندہ دفن کردیا۔ منگ کو باہر نکالنے کیلئے فوری کارروائی شروع کی گئی لیکن جیسے جیسے ریت کو ہٹایا جاتا اوپر سے سرکنے والی ریت دوبارہ اس کے اوپر جمع ہوجاتی۔ آخر آھے گھنٹے کی تگ و دو کے بعد امدادی کارکن اس تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے اور اسے گہرے گڑھے سے باہر کھینچ لیا گیا۔ سب یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ منگ کو صرف معمولی چوٹیں آئیں تھیں اور اس کے سمنٹ ہیلمٹ کی بدولت اسے منہ کے سامنے ایسی خالی جگہ میسر آگئی تھی کہ جس میں ہوا کھینچ کر وہ سانس لے سکتی تھی۔