صوابدیدی فنڈ کا 95فیصد لوگوں کے علاج معالجے پر خرچ ہوتا ہے،مجتبیٰ شجاع

صوابدیدی فنڈ کا 95فیصد لوگوں کے علاج معالجے پر خرچ ہوتا ہے،مجتبیٰ شجاع

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کامرس رپورٹر) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن، خزانہ و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ صوابدیدی فنڈز کا95فیصد حصہ لوگوں کے علاج معالجہ اور انتہائی غریب افراد کی مالی امداد پر خرچ ہوتا ہے اورترقیاتی بجٹ17فیصد زیادہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی ورکرزکے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، صوبائی وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن ، خزانہ و قانون پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ملینیم ڈویلپمنٹ اہداف حاصل کرنے کے لئے 2ارب روپے فراہم کئے اور صحت و تعلیم کے محکموں کو خصوصی طور پر اضافی بجٹ فراہم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ نوزائیدہ بچوں کوادویات وطبی سہولیات کی بلاتعطل فراہمی کے لیے 1.80۔ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جبکہ صوبہ میں بچوں کے نئے تین ہسپتال قائم کرنے کے لئے12ارب روپے کے فنڈز فراہم کئے جائیں گے اور متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز و ویزیٹرز اور پیرامیڈکس کے کردار کو مزیدفعال بنایا جائے گا کیونکہ ہر 10 ہزار ماؤں میں سے 500 مائیں دوران زچگی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں،اسی طرح 1000 بچوں میں سے 77 بچے دوران پیدائش وفات پا جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ4ارب روپے سے ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئے8ارب 75 کروڑ روپے ، گردے کے مریضوں کے لئے ڈائلسز کی سہولت برقرار رکھی گئی ہے جس کے لئے 60 کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔