پاکستان کی بقاء اداروں کی آزادی سے ہی جڑی ہوئی ہے،فرخ شہباز

پاکستان کی بقاء اداروں کی آزادی سے ہی جڑی ہوئی ہے،فرخ شہباز

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف کالمسٹ کے جنرل سیکرٹری فرخ شہباز وڑائچ اور سیکرٹری کمیونیکیشن و کوارڈینیشن محمد نورالہدیٰ نے ’’ورلڈ پریس فریڈم ڈے‘‘ کے حوالے سے جاری اپنے ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کی بقاء سیاسی ، جمہوری اور آئینی اداروں کی آزادی کی طرح صحافتی اداروں کی بھی آزادی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہاآزادی صحافت کا دن سچ بولنے اور لکھنے والوں کے نام سے موقوف ہے۔

آج کے دن ہمیں میڈیا کی آزادی برقرار رکھنے اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہوگا ۔ انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کے دوران شہید ہونے والے صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ صحافیوں نے ہمیشہ تلخ سچ بولنے اور لکھنے کی سزا بھگتی ہے اور اسی کیلئے اپنی زندگیاں وقف کر رکھی ہیں، انہیں اسکی پاداش میں کئی تکالیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان حالات میں بھی وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی بہتر طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں ۔ ایسے میں میڈیا پر لگائی جانے والی پابندیاں اور صحافیوں کے ساتھ ظلم ناقابل قبول ہے ۔ انہوں نے میڈیا کی آزادی اور صحافی برادری کو ہر قسم کے دباؤ سے محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن اقدامات بروئے کار لانے کا مطالبہ کیا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1