مغلپورہ ،گدھا گاڑیوں پر ریس لگانے والوں کے خلاف 4مقدمات درج

مغلپورہ ،گدھا گاڑیوں پر ریس لگانے والوں کے خلاف 4مقدمات درج

لا ہور (وقائع نگار خصوصی) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ مغلپورہ کے علاقے میں گدھا گاڑیوں پر ریس لگانے اور ٹریفک پرابلم پیدا کرنے والوں کے خلاف تھانہ مغلپورہ میں4مقدمات درج کرا د ئے گئے ۔سی ٹی او نے کہا کہ ڈی ایس پی مغل پورہ سرکل کو اطلاع ملی کہ تھانہ مغلپورہ کے علاقے میں کچھ لوگ گدھا گاڑیوں پر ریس لگاتے ،جواکھیلتے ہوئے ٹریفک پرابلم پیدا کرنے کا ارتکاب کررہے ہیں۔انہوں نے تمام حقائق افسران بالا کے علم میں لاتے ہوئے ٹریفک سیکٹر انچارج مغلپورہ اور دیگر وارڈنز کے ہمراہ ملزمان کا تعاقب شروع کردیا اور ملزمان سمیت ریس میں شریک 4گدھا گاڑیاں قبضے میں لیکر تھانہ مغلپورہ کے حوالے کردیں۔مغلپورہ پولیس نے ملزمان عمران،نوید،کیفی اور ایک نا معلوم سمیت چار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے۔طیب حفیظ چیمہ نے ایس پیز اور تمام ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں پٹرولنگ کرتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک میں پرابلم پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں ۔انہوں نے تمام سیکٹر انچارجز اور وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ دکانداروں اور تاجرنمائندوں سے رابطہ رکھتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری رکھیں۔

مزید : علاقائی