ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی، بھارت نے اقوام متحدہ سے شکایت کردی
نیویارک (اے این این) بھارت نے اقوام متحدہ سے ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کے معاملے میں مداخلت کی درخواست کردی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب اشوک مکھرجی نے عالمی ادارے کی سینکشنز کمیٹی کے سربراہ جم مکلے کوایک خط لکھاہے جس میں کہاگیاکہ پاکستانی عدالت کی طرف سے ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی عالمی ادارے کی قرارداد1267کی خلاف ورزی ہے جو مخصوص اداروں اورافرادسے متعلق ہے۔ اس قراردادکااطلاق ان اداروں اورافراد پرہوتاہے جوالقاعدہ سمیت دیگردہشت گردگروپوں سے تعلق رکھتے ہوں چنانچہ اقوام متحدہ ذکی الرحمن لکھوی کی رہائی کا معاملہ پاکستان کے ساتھ اٹھا ئے۔واضح رہے کہ ذکی الرحمن لکھوی کے ممبئی حملو ں میں ملوث ہونے سے متعلق بھارت پاکستان کوکوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کرسکا تھا۔ جس کے باعث عدالت نے انہیں بری کردیا۔