نائن زیرو سے قاتل پکڑے گئے،فوج کے کیخلاف زہراگلنے والی زبان کاٹ دیں گے: عابد شیر علی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ افواج پاکستان کے خلاف زہر اگلنے والی ہر زبان کاٹ دیں گے، نائن زیرو سے قاتل اور مجرم پکڑے گئے، الطاف حسین نے جس طریقے سے پاک فوج پر تنقید کی ہے ایسی غلیظ زبان کوئی پاکستانی برداشت نہیں کر سکتا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے صولت مرزا کی پھانسی کی سزا کے معاملے پر ایم کیو ایم کی تجویز نہیں مانی۔ نواز شریف نے الطاف حسین سے کہا تھا کہ حکیم سعید کے قاتل آپ کی صفوں میں ہیں۔ ملک میں بجلی کے بحران کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو لوڈشیڈنگ فری ملک بنانا چاہتے ہیں،جن علاقوں کے لوگ بل نہیں دیں گے وہاں لوڈ شیڈنگ بھی زیادہ کی جائے گی۔ لائن لاسز والے فیڈرز پر بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ زیادہ ہو گی۔ ہر فیڈر کے اعدادوشمار میڈیا کے سامنے پیش کریں گے۔