بھارت میں ”غلط دولہا“ لانا بے حد مہنگا پڑ گیا

بھارت میں ”غلط دولہا“ لانا بے حد مہنگا پڑ گیا
بھارت میں ”غلط دولہا“ لانا بے حد مہنگا پڑ گیا

  


دہلی (نیوز ڈیسک) بھارت کے ضلع ’پرتاب گڑھ‘ میں باراتیوں کو ’غلط دولہا‘ ساتھ لانا بے حد مہنگا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ’پرتاب گڑھ‘ کے گاﺅں سے تعلق رکھنے والی ریکھا کی شادی تلسی رام نامی نوجوان سے طے ہوئی تھی۔ 29 اپریل کو باراتی گاﺅں پہنچ گئے اور شادی کی رسومات کا آغاز ہوگیا تاہم اس وقت انتہائی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب دلہن کو احساس ہوا کہ اس کے برابر میں بیٹھا دولہا وہ شخص نہیں جس سے شادی سے قبل اس کی ملاقات کروائی گئی تھی۔ دلہن نے فوری طور پر اپنی ماں سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا، ہوتے ہوتے بات پورے گاﺅں میں پھیل گئی۔ نتیجہ یہ نکلا کہ گاﺅں والوں نے باراتیوں کو یرغمال بنالیا۔ بھارتی اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘کے مطابق کئی گھنٹے تک دونوں پارٹیوں میں مذاکرات کا سلسلہ چلتا رہا لیکن کوئی نتیجہ نہ نکلا۔ بالآخر سورج چڑھا تو پولیس کو اطلاع دی گئی۔ سب انسپکٹر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پہنچا اور معاملہ سلجھانے کی کوشش کی۔ آخر کار بارات کو خالی ہاتھ واپسی کی اجازت دے دی گئی۔ باراتیوں کو دولہا تبدیل کرنے کی ضرورت کیا پیش آئی، اس حوالے سے تاحال تفصیلات منظر عام پر نہیں آسکیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس