ہسپتالوں ،تعلیمی اداروں اور لاری اڈوں میں پنکھے خراب ،ٹھنڈا پانی بھی نایاب

ہسپتالوں ،تعلیمی اداروں اور لاری اڈوں میں پنکھے خراب ،ٹھنڈا پانی بھی نایاب

لاہور(جاوید اقبال) صوبائی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں ،ہسپتالوں کے وارڈوں،ریلوے اسٹیشن، لاری اڈوں کے مسافر خانوں کے پنکھے ائیر کولر اور واٹر الیکٹریکل کولرز خراب ہو گئے ہیں جس سے شدید گرمی میں مریض ان کے لواحقین سکولوں کے طلبہ و طالبات اور مسافر گرمی سے نڈھال ہونا شروع ہو گئے ہیں جس کے خلاف جگہ جگہ مظاہرے شروع ہو گئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے دو لاری اڈوں بادامی باغ اور شیرا کوٹ بس ٹرمینل میں واقع لاری اڈوں کے مسافر خانوں میں پنکھے خراب ہو گئے ہیں جس سے مسافر خانوں کے اندر شدید حبس اور گرمی سے مسافر نڈھال ہونا شروع ہو گئے ہیں جبکہ لگائے گئے واٹر کولر اور ائیر کولر بھی خراب ہیں، بتایا گیا ہے کہ واٹر کولر جان بوجھ کر خراب ہو گئے ہیں تاکہ اردگرد واقع پانی کی دوکانوں کے مالکان کی چاندی ہو سکے ۔الیکٹریکل واٹر کولر خراب ہونے سے مسافر ٹھنڈے پانی سے بھی محروم ہو گئے ہیں دوسری طرف شہر کے 80فیصد سرکاری سکولوں کے کلاس رومز میں پنکھے خراب ہیں جبکہ واٹر کولر بھی خراب ہونے سے بچوں کا برا حال ہے نہ ہوا چلتی ہے نہ ٹھنڈا پانی جس سے بچے شدید گرمی میں نڈھال ہو رہے ہیں رپورٹ کے مطابق شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں وارڈوں کے مریضوں کے لئے بنائے گئے مسافر خانوں میں پچاس فیصد پنکھے خراب ہیں جبکہ 20فیصد پنکھوں کی رفتار انتہائی سست ہے جو ’’ہوا‘‘ دینے کے قابل نہیں ہیں جبکہ راہداریوں میں مریضوں کے لواحقین کے لئے لگائے گئے پنکھوں کی بڑی تعداد بھی خراب ہے بتایا گیا ہے کہ اس کے لئے فنڈز بھی جاری ہو ئے تھے۔ اس حوالے سے مشیر صحت خواجہ سلیمان رفیق کا کہنا ہے کہ اس بات کا نوٹس لیا جائے گا اور ہر ہسپتال کی انتظامیہ کو حکم دیا جائے گا کہ وہ 24گھنٹوں کے اندر خراب پنکھے اور واٹر کولر ٹھیک کرائیں جبکہ ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) عثمان کا کہنا ہے کہ لاری اڈوں کے مسافر خانوں اور سکولوں میں خراب پنکھوں اور واٹر کولرز کی خرابی کا نوٹس لے لیا گیا ہے ہنگامی بنیادوں پر ٹھیک کرائیں گے انہوں نے کہا کہ مسافروں اور طلبہ کے لئے مسائل پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے انہوں نے کہا کہ خود دورے کروں گا اور جہاں حالات خراب ہوئے متعلقہ سکول کے ہیڈ ماسٹر اور ٹرمینل منیجر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1