شب معراج،سکیورٹی کے مربوط انتظامات کیے جائیں،آئی جی
کراچی (کرائم رپورٹر)آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شب معراج کے خصوصی موقع پر صوبے بھر میں الرٹ سیکیورٹی اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔ترجمان سندھ پولیس کے دفتر مطابق آئی جی سندھ نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اضلاع کے لحاظ سے باالخصوص مرکزی مساجد ، کھلے مقامات ، مدارس وغیرہ پر اس خصوصی شب کی مناسبت سے منعقدہ دعائیہ محافل ، وعظ اور عبادات کے موقع پر تھانوں کی سطح پر ناصرف سیکیورٹی بلکہ رینڈم اسنیپ چیکنگ ، موبائل موٹرسائیکل گشت ، پکٹنگ ، نگرانی سمیت ایڈوانس انٹیلی جینس کلیشن اور بروقت شیئرنگ کے جملہ اقدامات کو مذید ٹھوس اور غیر معمولی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مرکزی مساجد پر انتظامیہ کے تعاون سے فزیکل سرچنگ ، سمیت اندرون مساجد و اطراف میں بم ڈسپوزل اسکواڈ سے ٹیکنیکل سوئپنگ ، کلیئرنس کے لیئے بھی تمام تر ممکنہ اقدامات کیئے جائیں ۔ پارگنگ ایریاز کو مناسب دوری پر رکھنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ اور گاڑیوں کی کڑی نگرانی جیسے امور کو بھی ممکن بنایا جائے ۔انہوں نے کہا تھانہ جات کی سطح پر پولیس ڈپلائمنٹ کو نمایاں رکھنے کے علاوہ تمام پولیس افسران و اہلکاروں کو ڈپلائمنٹ پوائنٹس ہر گز خالی نہ چھوڑنے کا بھی پابند بنایا جائے تاکہ رات گئے گھروں کو واپس جانیوالے شہریوں کی سیکیورٹی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جاسکے ۔