ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سکالرشپ کیلئے ہونیوالے امتحانات کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا، حکم امتناعی جاری

ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سکالرشپ کیلئے ہونیوالے امتحانات کے نتائج جاری کرنے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سکالرشپ کے لئے ہونے والے امتحانات کے نتائج جاری کرنے سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کردیا،عدالت نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ 18ویں آئینی ترمیم کے تحت سکالر شپ کے لئے امتحانات لینے کا اختیار صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے مگر اس کے باوجود ہائر ایجوکیشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے سکالر شپ امتحانات لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت سکالر شپ امتحانات کا اختیار صوبے کو منتقل نہ کرنے سے پنجاب کے کوٹے کے سکالر شپ بھی دیگر صوبوں کے پاس جانے کا خدشہ ہے جس سے امیدوارشدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالتی فیصلہ آنے تک سکالر شپ کے لئے ہونے والے امتحانات کے نتائج جاری کرنے سے روکا جائے۔ عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سکالرشپ کے لئے لئے گئے امتحانات کے نتائج جاری کرنے سے روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر تے ہوئے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن کو23 مئی کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیاہے۔

مزید :

صفحہ آخر -