بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کی ملاقات
اسلام آباد(پ ر)پانامہ لیکس کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے بنائی گئی پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی چیئرمین سے ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے والوں میں سینیٹ اور قومی اسمبلی میں قائدِین حزبِ اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن، سید خورشید احمد شاہ کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا شامل تھے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان اور چیئرمین کے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو بھی موجود تھے۔ کمیٹی نے پانامہ لیکس کے معاملے پر دیگر سیاسی پارٹیوں سے مشاورت اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ پارلیمان میں تمام سیاسی پارٹیوں سے مشارت کر کے تحقیقات کے لیے ٹرم آف ریفرینس (ٹی او آرز) بنائے جائیں کیونکہ ان ٹی او آرز کا فیصلہ پارلیمان ہی کو کرنا چاہیئے۔ انھوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ سیاسی پارٹیوں سے مشاورت سے انھیں با خبر رکھا جائے اور اتفاق رائے کے بعد انھیں رپورٹ پیش کی جائے۔