کے الیکٹرک نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر دیا ہے، خرم شیر زمان

کے الیکٹرک نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کر دیا ہے، خرم شیر زمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ کراچی شہر میں کے الیکٹرک کمپنی کی جانب سے جاری بد ترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عزاب میں مبتلا کر دیا ہے ۔ کراچی شہر کے بیشتر علاقے بجلی کے تعطل کا شکار رہتے ہیں اور کئی علاقوں میں بجلی نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی۔ اس شدید گرمی میں گھروں میں خواتین ، بچے اور بزرگ شہری شدید ذہنی و جسمانی عزیت اور شدید کرب کا شکار ہو رہے ہیں۔ شہر بھر میں بجلی کی طلب بڑھنے کے باوجود کے الیکٹرک نے بجلی کی پیداوار میں اضافے کے بجائے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کر دیا ہے۔ کراچی شہر میں بڑھتی ہوئی گرمی میں کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کے باعث بجلی نہ ہونے کی وجہ پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ کے الیکٹرک انتظامیہ کو کراچی کے معصوم شہریوں کی جان کی کوئی پرواہ نہیں ۔ کے الیکٹرک انتظامیہ نے دانستہ طور پر فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار کو محدود رکھا ہوا ہے ۔یہ باتیں انہوں نے میڈیا سیل کراچی سے جاری اپنے بیان میں کہیں۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں 8سے 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بن گئی ہے جو کہ شہریوں کے ساتھ سراسر ظلم اور زیادتی ہے ۔ بجلی کی تقسیم کے ناقص نظام کی وجہ سے شہر بھر میں ہزاروں کی تعداد میں فالٹس پیدا ہو رہے اور کے الیکٹرک کا عملہ بیشتر خرابیوں کو دور کرنے میں ناکام ہے ۔ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ شہریوں کو مسلسل اضافی بلوں کی اجراء بھی ہو رہی ہے جس نے شہریوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ کے الیکٹرک کمپنی اپنے پیسے بچانے کے لئے اپنے پلانٹ بند رکھے ہوئے ہیں، اور صرف واپڈا سے لئے گئے بجلی پر انحصار کیا جا رہا ہے جو کراچی کے ساتھ سرا سرظلم اور زیادتی ہے۔ خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ ایک طرف شہریوں کا ہیٹ اسٹروک سے بچنا مشکل ہو رہا ہے تو دوسری طرف کے الیکٹرک نے کراچی کے شہریوں پر لوڈ شیڈنگ کے نام پر عذاب مسلط کر دیا ہے ۔ کے الیکٹرک کمپنی اپنا رویہ درست کرے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ فوری طور پر ختم کرے۔اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہیں کیا تو تحریک انصاف کراچی کے شہریوں کے حقوق کے لئے شہر بھر میں بھرپور احتجاج کرے گی۔