صحت مند معاشرے کیلئے سگریٹ نوشی،نشے کا خاتمہ کرنا ہو گا،احسان اللہ
راولپنڈی(جنرل رپورٹر)انسداد منشیات کے لئے 23 ویں جیوے پاکستان سائیکل ریلی کے شرکاء گروپ لیڈر سائیکلٹس محمد لطیف سیال کی قیادت میں مظفر گڑھ جنوبی پنجاب سے آج سہ پہر تین بجے جنرل پوسٹ آفس صدر راولپنڈی پہنچے۔راولپنڈی پہنچنے کے بعد جنرل پوسٹ آفس صدر راولپنڈی میں 23ویں جیوے پاکستان ریلی کے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت چیف پوسٹماسٹر جی پی او صدر، راولپنڈی احسان اللہ مروت نے کی۔جیوے پاکستان ریلی کے گیارہ شرکاء کے گروپ لیڈر سائیکلسٹ محمد لطیف سیال کی قیادت میں مظفر گڑھ سے روانہ ہو کر براستہ ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات ، اور جہلم سے ہوتے ہوئے راولپنڈی پہنچے جہاں انٹی نارکوٹکس فورس کے حکام اور نادرن پنجاب پوسٹل سرکل کے افسران نے ان کا استقبال کیا۔ جیوے پاکستان سائیکل ریلی میں نائب گروپ لیڈر محمد ارشد کے علاوہ غلام عباس، دانش بلوچ، اللہ بچایا، اللہ دتہ، محمد عابد، اظہر اقبال، ندیم بلوچ، احمد رسول ، اور ظفر اقبال ریلی کے شرکاء میں شامل تھے۔سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب میں چیف پوسٹ ماسٹر احسان اللہ مروت نے ڈی جی پاکستان پوسٹ فقیر شہریار الدین اور پوسٹ ماسٹر جنرل نادرن پنجاب سرکل اعجاز منہاس کی نمائندگی کی جبکہ سینیئر پوسٹ ماسٹر خلیل احمد، سینیئرپوسٹ ماسٹر( ڈلیوری) دوست محمد، پوسٹ ماسٹر راولپنڈی ڈاکٹر اسد شفیق ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد نواز کھوکھر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انٹی نارکوٹکس فورس احمد دین طارق اور جی پی او صدر کے عملے نے جیوے پاکستان سائیکل ریس ریلی کے شرکاء کی تقریب میں آمد پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا پرجوش استقبال کیا۔چیف پوسٹماسٹر جی پی او راولپنڈی احسان اللہ مروت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے سے برائیوں کے خاتمے اور نوجوانوں کو صحتمند اور لمبی زندگی اور ماحول فراہم کرنے کے لئے ہمیں سگریٹ نوشی اور نشے کی لعنت کا خاتمہ کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ تمام لوگوں بالخصوص نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لئے پاکستان پوسٹل سروس محکمہ انسداد منشیات (انٹی نارکوٹکس فورس) کے ہمراہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 23 ویں جیوے پاکستان سائیکل ریلی کے شرکاء نے مظفر گڑھ سے سائیکلوں پر جو سفر کیا ہے وہ جہاں ایک سپورٹس سرگرمی ہے وہاں منشیات کی روک تھام کے لئے ایک موثرپیغام پہنچانے کی کی غرض سے جہاد بھی ہے۔ احسان اللہ مروت نے ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ فقیر شہریارالدین اور پوسٹ ماسٹر جنرل نادرن پنجاب سرکل اعجاز منہاس کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پوسٹ منشیات کی روک تھام ، انسداد اور نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔چیف پوسٹ ماسٹر احسان اللہ مروت اور جی پی او کے دیگر افسران نے اس موقع پر شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیئے۔جیوے پاکستان ریلی کے گروپ لیڈر محمد لطیف سیال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مظفر گڑھ سے اسلام آباد تک سائیکل پر سفر کرنے کا مقصد نوجوانوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ سگریٹ نوشی اور نشے سے ہر صورت میں اپنے آپ کو بچائیں اور کھیلوں اور ورزش کو اپنی زندگی کے معمولات کا لازمی حصہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 23 ویں جیوے پاکستان سائیکل ریلی محض سپورٹس سرگرمی نہیں ہے بلکہ انہوں نے اور ان کے ساتھیوں نے شدید گرمی میں مظفر گڑھ سے راولپنڈی اسلام آباد تک ایک لگن اور مقصد کے تحت سفر کیا ہے تاکہ پاکستان کو منشیات سے پاک ملک بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ سائیکل ریلی کے ان کے ساتھیوں نے مظفر گڑھ سے اپنے سفر کا آغاز کر کے ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، لاہور ، گجرانوالہ، گجرات ، جہلم اور راولپنڈی تک سفر کے دوران جگہ جگہ پمفلٹ تقسیم کرتے ہوئے نشے اور منشیات سے بچنے اور پرہیز کرنے کا پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا نعرہ نو سموکنگ ، نو نارکوٹکس اور یس ٹو سپورٹس (Yes to Sports) ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو سپورٹس اور صحت مند سرگرمیوں کے لئے متحرک کرنا ہے۔