بینظیر بھٹو قتل کیس،پراسیکیوٹر،وکیل پیش نہ ہوئے،سماعت ملتوی
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج نے سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس میں ایف آئی اے کے پراسیکوٹر اور سابق صدر کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر سماعت 4مئی تک ملتوی کر دی ، آئندہ تاریخ پیشی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کر دیں، استغاثہ کے گواہ پر تیسری مرتبہ جرح نہ ہو سکی،گزشتہ روز عدالت نے بے نظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت شروع کی تو بتایا گیا کہ ایف آئی کے پراسیکوٹر چوہدری اظہر ایڈووکیٹ اور سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم حاضر نہیں ہیں جس پر عدالت نے وکلاء کو ہدایات دیں آئندہ تاریخ پیشی پر حاضری یقینی بنائیں تاکہ گواہ پر جرح مکمل ہو سکے، استغاثہ کے گواہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے تفتیشی آفیسر خالد قریشی کے بیان پر وکلاء نے جرح کرنا ہے ، جو تیسری مرتبہ بھی مکمل نہ ہو سکی،واضع رہے کہ سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو لیاقت باغ کے مقام پر 27دسمبر 2007 ء کو جلسہ عام سے خطاب کرکے واپس جا رہی تھیں کہ لیاقت چوک کے قریب خود کش دھماکہ ہو گیا جس میں محترمہ سمیت متعدد پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ہو گئے اور متعدد زخمی ہو گئے تھے جس کا مقدمہ تھانہ سٹی پولیس نے درج کرکے تحقیقات شروع کیں۔