لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ،محکمہ موسمیات نے دو روز تک پنجاب سمیت دیگر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا عندیہ دیدیا

لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ،محکمہ موسمیات نے دو ...
لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ،محکمہ موسمیات نے دو روز تک پنجاب سمیت دیگر مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا عندیہ دیدیا

  

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)لاہورکے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں گہرے بادلوں اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے جبکہ ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہو ئی ہے ۔

رات سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر گہرے بادل چھائے ہوئے ہیں تاہم آج صبح لاہور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہو ا ہے جس سے گرمی سے نڈھال شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں ۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ/ جمعرات کے روز اسلام آباد، فاٹا، خیبر پختونخواہ، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے کہیں کہیں تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس کے علاوہ بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بدھ کے دن بھی تیز/گرد آلودہواﺅں کے ساتھ بارش کی توقع ہے ۔

ترجمان محمد فاروق نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بدھ /جمعرات کے روز پنجاب اورخیبر پختونخواہ میں بارش کے ساتھ تیز/ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے اس لیے کسانوں کو چاہئیے کہ کٹائی کی ہوئی گندم کی فصل کی بھریاں باندھ کرکھڑا کر کے ڈھیر لگا دیں اوربھوسے کو مٹی سے ڈھا نپ دیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتربالائی علاقوں میں موسم ابرآلود رہےگا تاہم خیبر پختونخواہ، فاٹا، اسلام آباد،بالائی پنجاب(راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا،ساہیوال، فیصل آباد ڈویژن ) ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن )،سکھر ، لاڑکانہ، کوئٹہ ، قلات، ژوب اور سبی ڈویذژن میں بعض مقامات پر تیز ہواﺅں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

ترجمان کا مزید کہناتھا کہ گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اورخشک رہاتاہم گزشتہ رات سب سے زیادہ بارش بلوچستان:کوئٹہ،سبی08، ڑژوب02۔فاٹا:پارہ چنار 08۔ خیبر پختونخواہ: کوہاٹ02، میرکھانی، پشاور01۔پنجاب: بہاولپور08 اور ٹوبہ ٹیک سنگ میں 01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سب سے زیادہ درجہ حرارت: دادو 48، شہید بینظیر آباد، جیکب آباد 47، رحیم یار خان،موہنجوداڑو، پڈعیدن، سکھر، لاڑکانہ اور نورپور تھل میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے علاوہ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26، اسلام آباد 17 ، کوئٹہ 14، پشاور 23، کراچی 26، گلگت13جبکہ چترال میں 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔

مزید :

ماحولیات -