سعودی عرب میں احتجاج کرنیوالے غیرملکی ملازمین کی شامت آگئی

سعودی عرب میں احتجاج کرنیوالے غیرملکی ملازمین کی شامت آگئی
سعودی عرب میں احتجاج کرنیوالے غیرملکی ملازمین کی شامت آگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں سب سے بڑی تعمیراتی کمپنی بن لادن گروپ کے تنخواہوں سے محروم ملازمین کے پرتشدد احتجاج کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور اس ضمن میں سات افراد کو حراست میں بھی لے لیاگیا۔
العربیہ کے مطابق تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور انتظامیہ کیساتھ تلخ کلامی کے بعد مظاہرین نے کمپنی میں موجود بسوں کو آگ لگادی تھی اور اس ضمن میں سات مظاہرین کو حراست میں لے لیاگیا۔مکہ کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان میجر نایف الشریف نے بتایا ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔اطلاعات کے مطابق بن لادن گروپ کے ہزاروں ملازمین گذشتہ کئی ہفتوں سے مکہ اور ساحلی شہر جدہ میں احتجاجی مظاہرے کررہے ہیںجن میں سے کئی ملازمین کا کہنا ہے کہ انھیں گذشتہ چار ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں۔
سعودی روزنامے عکاظ کی رپورٹ کے مطابق بن لادن گروپ کے سعودی ملازمین کو آپشن دیا گیا ہے کہ وہ کمپنی کے مالی اثاثے کلئیر ہونے تک اپنی واجب الادا تنخواہوں کا انتظار کریں یا پھر دو ماہ کی تنخواہیں لے کر استعفے دے دیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال ستمبر میں بن لادن گروپ کی حج سیزن کے دوران مسجد الحرام کے توسیعی منصوبے پر کام میں مصروف ایک بڑی کرین طوفان کے نتیجے میں گر گئی تھی جس سے مسجد الحرام میں ایک سو سات افراد شہید ہوگئے تھے۔اس واقعے کے بعد سعودی حکومت نے بن لادن گروپ کو نئے تعمیراتی ٹھیکے دینے کا عمل معطل کردیا تھا اور اس کے ڈائریکٹروں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید :

عرب دنیا -