برطانوی وزارت دفاع سے چرائی گئی خفیہ معلومات شائع کریں گے،داعش کی دھمکی
واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)داعش کی ایسی دھمکی جس سے برطانیہ اور مغربی ممالک میں ہلچل مچ گئی ۔امریکی میڈیا کے مطابق داعش نے برطانیہ کی وزارت دفاع کی معلومات ہیک کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور برطانوی فوجی اہلکاروں کی تفصیلات شائع کرنے کی دھمکی بھی دی ہے۔
وائس آف امریکہ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق خود کو ”داعش کا ہیکنگ ڈویژن“کہنے والے اس گروپ نے اس سے قبل 70 سے زائد امریکی فوجی اہلکاروں کی فہرست آن لائن شائع کی تھی۔
داعش کے گروپ کا کہنا تھا کہ”اپنے اگلے انکشاف میں ہم داعش کو ایک ذریعے سے ملنے والی خفیہ انٹیلی جنس کا انکشاف بھی کر سکتے ہیں جسے لندن میں وزارت دفاع سے حاصل کرنے کے لیے برطانیہ میں بھائیوں نے کافی وقت صرف کیا۔“
ہیکنگ ڈویژن نے مزید کہا کہ ”ہم انگلینڈ اور امریکہ میں خفیہ طریقے سے آن لائن اور آف لائن دراندازی کر رہے ہیں۔“
دوسری جانب برطانوی وزارت دفاع نے کہا اس کی معلومات چوری ہونے کی خبریں غیرمصدقہ ہیں اور برطانیہ اور امریکہ دونوں کے حکام نے ان کی صداقت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ۔
وائس آف امریکہ کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ قبل ازیں مارچ میں شائع کی گئی فہرست میں شامل امریکی فوجی اہلکاروں کی معلومات قابل رسائی ذرائع مثلاً اخبارات و فوجی رسائل سے حاصل کی گئی تھیں۔