وزن کم کرنے کا وہ آسان ترین طریقہ جو قدرت نے ہمیں مفت میں فراہم کررکھا ہے لیکن ہم اسے استعمال نہیں کرتے، سائنسدانوں نے جدید تحقیق میں دلچسپ انکشاف کردیا
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) عام تاثر ہے کہ سورج کی روشنی سے ہماری جلد وٹامن ڈی پیدا کرتی ہے جس سے ہماری ہڈیاں اور دانت مضبوط ہوتے ہیں اور یہ ہمیں انتڑیوں کے کینسر سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔مگر اب سائنسدانوں نے ایک نئی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سورج کا محض یہی فائدہ نہیں بلکہ سورج کی روشنی کے دیگر حیرت انگیز فوائد بھی ہیں۔ برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ”سورج کی روشنی کے باعث ہمارے جسم میں نائٹرک آکسائیڈ نامی کیمیکل پیدا ہوتا ہے جو ہمارے نظام دوران خون اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔اس کے علاوہ سورج کی روشنی جسم میں سروٹونن نامی کیمیکل بھی پیدا کرتی ہے جو دماغ کو تقویت دیتا ہے اور اسے شادابی بخشتا ہے اور سورج کی روشنی موٹاپا کم کرنے کے لیے بھی بہترین چیز ہے۔“
رپورٹ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم کے رکن اور ایڈنبرا یونیورسٹی کے سینئر لیکچرر ڈاکٹر رچرڈ ویلر کا کہنا ہے کہ ”سورج کی روشنی سے دور رہنا اتنا ہی خطرناک ہوتا ہے جتنا انسانی صحت کے سگریٹ نوشی۔عمر رسیدہ افراد کو سورج کی روشنی کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔آدمی سورج کی روشنی میں جتنا زیادہ وقت گزارتا ہے اس میں ہارٹ اٹیک ، بلڈ پریشراوردل کی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات اتنے ہی کم ہوتے چلے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ موت کی تمام وجوہات میں بھی کمی واقع ہوتی ہے اور لوگوں کو طویل العمری نصیب ہوتی ہے۔سورج کی روشنی میں رہنے سے نظام انہضام کے دوران ہونے والی سوزش اورجلن بھی کم ہوتی ہے اور موٹاپے کے شکار افراد کے لیے سورج کی روشنی بطورخاص ایک نعمت ہے۔ اس سے موٹاپا کم کرنے میں انتہائی مدد ملتی ہے۔بچوں کی آنکھوں کے لیے سورج کی روشنی انتہائی مفید ہے۔ اس سے ان کی بینائی تیز ہوتی ہے۔“
ڈاکٹر لنڈکویسٹ کا کہنا تھا کہ ”ہمیں سن سکرین کا استعمال کم سے کم کرنا چاہیے کیونکہ اس سے سورج کی روشنی سے حاصل ہونے والے فوائد ضائع ہو جاتے ہیں۔اگر آپ لوگ لمبے وقت کے لیے سورج کی روشنی میں رہنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے سن سکرین استعمال کرتے ہیں تو آپ غلط کرتے ہیں کیونکہ ایسے میں آپ جب چاہیں سورج کی روشنی سے بچ سکتے ہیں اور سائے میں جا سکتے ہیں۔ایسے میں سن سکرین استعمال نہیں کرنی چاہیے تاکہ جتنی دیر آپ دھوپ میں رہ سکیں اتنی دیر سورج کی روشنی کے فوائد حاصل کر سکیں۔ ہاں اگر آپ کسی کشتی میں پھنس گئے ہیں تو پھر آپ کو سن سکرین ضرور استعمال کرنی چاہیے۔“