قبائلی گرینڈ جرگہ، کالاباغ ڈیم بنانے کی قرارداد منظور
خیبر (ویب ڈیسک)خیبر ایجنسی کی تمام اقوام پر مشتمل گرینڈ جرگہ نے ایم این اے ناصر خان کو حلقے کے عوام سے رائے لئے بغیر فاٹا کے صوبے میں انضمام کا فیصلہ کرنے پر دس لاکھ روپے جرمانہ سنایا‘ گرینڈ جرگہ نے صوبہ کو فاٹا ضم کرکے ایف سی ار نافذ کرنے کا مطالبہ بھی کیا ‘ جرگہ نے بجلی ضروریات پوری کرنے کیلئے کالا باغ ڈیم بنانے کی قرارداد بھی منظوری کرلی ‘ جرگے نے پولیٹیکل ایجنٹ سے پارلیمنٹیرین کو دئیے جانے والی مراعات بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ہفتے کے روز خیبرایجنسی کی تمام اقوام کا گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں سرکردہ ملکان، ملک محمد علی، ملک اسرار ، ملک وارث خان، ملک صلاح الدین، ملک فیض اللہ جان ، ملک رزاق ، ملک خالدسمیت کثیر تعداد میں مشران نے شرکت کی۔
ملکان نے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں دنیا میں سب سے بہتر نظام ایف سی آر ہے جہاں ہر فیصلہ انصاف کی بنیاد پر قلیل وقت میں جرگوں کے ذریعے کیا جاتا ہے اسلئے یہی بہترین نظام صوبے میں رائج کرنے کیلئے صوبے کو فاٹا میں ضم کیا جائے۔مقررین نے کہاکہ بعض سیاسی رہنمافاٹا کے حوالےسے اپنی پالیسی تبدیل کریں ورنہ عوام انھیں مسترد کرینگے۔جرگے میں ایک قرار داد کے ذریعے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاگیا کہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کالاباغ ڈیم بنایا جائے اور فاٹا کے تباہ شدہ گھروں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ جرگے نے کہاکہ آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی ‘فاٹاکو ملک کے دوسرے ترقیافتہ علاقوں کے ہم پلہ بنانے کیلئے ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے اور علاقے میں موجود مسائل کے خاتمے کے بعد قبائلیوں سے فاٹا کے مستقبل کے حوالے رائے لیکر فیصلہ کیا جائے۔
سپاہ قبیلہ کے سرکردہ ملک محمد علی آفریدی نے ایم این اے ناصر خان کو اپنے حلقے کے عوام سے رائے پوچھے بغیر فاٹا کے مستقبل کے حوالے یکطرفہ فیصلہ کرنے پر دس لاکھ روپے جرمانہ سنایا۔ ملکان نے جمرود سپورٹس سٹیڈیم میں 18فروری کو جلسہ منعقد کرنے اعلان بھی کیا۔
اب کوئی بھی آپ کو نامعلوم نمبر سے فون کر کے تنگ نہیں کر سکتا کیونکہ۔۔۔

