عبد الستار خان نیازی سچے عاشق رسول ، تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن تھے : محمد رفیق تارڈ

عبد الستار خان نیازی سچے عاشق رسول ، تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن تھے : محمد ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)حضرت مولانا عبدالستارخان نیازیؒ اتحاد بین المسلمین کے بہت بڑے داعی تھے۔ آپ نے مسلم سٹودنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں انتہا ئی فعال کردارادا کیا،اپنی زندگی ملک وقوم اور دین اسلام کیلئے وقف کر رکھی تھی ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘ لاہور میں مجاہدملت حضرت مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کی یاد میں خصوصی نشست کے دوران کیا۔ اس نشست کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ و تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ نے جمعیت علمائے پاکستان کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما قاری محمد زوار بہادر، مفتی محمد تصدق حسین،ملک بشیر احمد نظامی، علامہ محمد منیر قادری، قاری مختار احمد صدیقی، رشید احمد رضوی،محمد عمر قریشی،عثمان محی الدین، سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید ، جمعیت علمائے پاکستان کے عہدیداران وکارکنان اور علماء و مشائخ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بڑی تعداد میں موجود تھے۔۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض علامہ نصیر احمد نورانی نے انجام دیے۔ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن، سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے نشست کے شرکاء کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ کا شمار ان خوش بخت ہستیوں میں ہوتا ہے جنہیں حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ سے براہ راست نیاز مندی کا شرف حاصل تھا اس پر انہیں تاحیات فخر رہا۔تحریک پاکستان کے دوران ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے قائداعظمؒ نے فرمایا تھا کہ ’’جس قوم میں عبدالستار خان نیازی جیسے نوجوان موجود ہوں‘ دنیا اسے پاکستان بنانے سے کبھی نہیں رو ک سکتی‘‘۔ مولانا عبدالستار خان نیازی سچے عاشق رسول تھے۔قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ تحریک پاکستان میں مولانا عبدالستار خان نیازی ؒ نے نمایاں حصہ لیا۔ قائداعظمؒ ان کے جذبے اور شوق کی بڑی قدر کیا کرتے تھے۔ مولانا عبدالستار خان نیازی ؒ ایک درویش صفت سیاست دان تھے ۔انہوں نے انتہائی سادہ زندگی بسر کی، پاکستان میں ایک انچ زمین بھی ان کے نام رجسٹرڈ نہیں تھی وہ ہمیشہ یہ باور کرواتے تھے کہ ہندو ہمارا ازلی دشمن ہے اور اس سے کبھی دوستی نہیں ہو سکتی ۔انہوں نے کہا نظریۂ پاکستان دراصل نظریۂ اسلام ہے ہمیں اپنے بنیادی نظریات پر مضبوطی سے قائم رہنا ہو گا آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام طبقات بشمول حکمران نظریۂ پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے وابستہ رہیں۔مفتی محمد تصدق حسین نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ آل انڈیا مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کے متحرک رہنما تھے۔ آپ علامہ محمد اقبالؒ کے شاگرد اور قائداعظمؒ کے جانثار ساتھی تھے۔ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ درویش صفت انسان تھے اور انہوں نے قیام پاکستان کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لیا۔ ملک بشیر احمد نظامی نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ ساری زندگی نظام مصطفیؐ کے نفاذ کیلئے جدوجہد کرتے رہے۔ وہ ہمارے لیے ایک مینارۂ نور تھے۔ وہ ایک بہادر اور دلیر انسان تھے اور حکمرانوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتے تھے۔علامہ محمد منیر قادری نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ اعلیٰ کردار کے حامل انسان تھے، ان جیسی شخصیات اب ہمیں نظر نہیں آ رہی ہیں۔ انہوں نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔علامہ نصیر احمد نورانی نے کہا کہ علامہ عبدالستار خان نیازیؒ محب وطن رہنما اور نظام مصطفی ؐ کے داعی تھے۔ انہوں نے تحریک ختم نبوت ‘ تحریک نظام مصطفیؐ اورتحریک ردقادیانیت میں نمایاں حصہ لیا۔شاہد رشید نے کہا کہ مولانا عبدالستار خان نیازیؒ نے ایم ایس ایف کے پلیٹ فارم سے تحریک پاکستان میں حصہ لیا اور علامہ محمدا قبالؒ کے خواب کو عملی شکل دینے کیلئے شب و روز جدوجہد کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -