پورے ملک کی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی یوم مئی جوش خروش سے منایا گیا

پورے ملک کی طرح اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی یوم مئی جوش خروش سے منایا گیا

  

دنیا بھر کی طرح یوم مزدور (یکم مئی)پر جڑواں شہروں کی مزدورتنظیموں نے ریلیوں، سیمینارز اور تقاریب کاانعقاد کیا، اسلام آباد میں سی ڈی اے مزدور یونین اور پاکستان ورکرز فیڈریشن کے باہمی اشتراک سے فائر بریگیڈ ہال میں تقریب منعقد ہوئی ،تقریب سے وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،ممبر قومی اسمبلی ملک ابراراحمد ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،صدر اورنگزیب خان ،چیئرمین راجہ شاکر زمان کیانی ،پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان سمیت مزدور تنظیموں کے دیگر نمائندگان ،تاجر رہنماء ،صحافی برادری ،سول سوسائٹی ،علمائے کرام اور سی ڈی اے مزدور یونین کے ہزاروں کارکنوں نے شرکت کی،تقریب میں مزدور رہنماؤں نے یوم مئی کے موقع پر شکاگو کے مزدوروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ میں محنت کشوں کو نمائندگی دی جائے اور مہنگائی کے تناسب سے آنے والے بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ عام محنت کش کی تنخواہ کم از کم آدھا تولہ سونے کے برابر کی جائے ، محنت کشوں کا استحصال بند کیا جائے ،مقررین نے سی ڈی اے مزدور یونین کوخراج تحسین کیا جس نے ہمیشہ اپنے پلیٹ فارم سے مزدوروں کے لیے آواز بلند کی،اس موقع چوہدری محمد یٰسین کا کہنا تھا کہ مزدور یونین نے ہمیشہ رنگ ،نسل و مذہب سے بالاتر ہو کر قومی ایشوز کی سیاست کی اور جمہوری روایت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے مطالبات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی ، انھوں نے تمام لیبر لیڈرز خصوصاً خورشید احمد خان اور ظہور اعوان ودیگر قائدین سے اپیل کی کہ وہ محنت کشوں کے مفادات کی خاطر اپنے باہمی اختلاف کو ختم کر کے نجکاری کے خلاف اور مزدور کے خوشحال مستقبل کے لیے اکھٹے ہو کر کام کریں ،وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے مزدوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم مئی کا دن محنت کشوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے والوں کی یاد میں منایا جاتا ہے اور کسی بھی ملک کی ترقی کا سہرا مزدور کا مرہون منت ہے اور ملکی معاشی استحکام کو آگے بڑھانے میں محنت کشوں کا کردارنہایت اہم ہے سی ڈی اے ملازمین سمیت محنت کشوں کے تمام جائز مطالبات کا پوراکرنااور نظام کو بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے اور ہم ہر صورت میں ملازمین کے مسائل کو حل کریں گے۔

راولپنڈی میں مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر آل پاکستان ورکرز کنفیڈریشن اے پی ڈبلیو سی ناردروں پنجاب ریجن اور ملحقہ تنظیموں کے زیراہتمام پریس کلب راولپنڈی میں کانفرنس منعقد کی گئی ،مقررین کاکہنا تھا کہ آج مزدور تحریک کو کمزور کرنے کی سازشیں ہو رہی ہیں پارلیمنٹ پر جاگیردار اور سرمایہ دار طبقے کا قبضہ ہے جس کو مزدور، محنت کش اور تنخواہ دار ملازمین سے کوئی دلچسپی نہیں، عورت بھی ایک مزدور ہے گھر اور کھیت کھلیان سے لے کر کارخانے اور فیکٹری تک عورت کام کرتی ہے لیکن استحصالی طبقہ عورت کا یہ مقام تسلیم کرنے کو تیار نہیں، کانفرنس سے ممتازمزدور راہنما ظفر اللہ خان نیازی، چوہدری مسعود الحسن، کنفیڈریشن کے ڈپٹی سیکرٹری محمد اکرم بندہ، آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی اے)کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ، محمد رمضان جدون،ملک فتح خان، راجہ خلیل اشرف، سجاد حسین ساجد، عوامی ورکرز پارٹی کے عاصم سجاد، مس عالیہ ، ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹ ڈاکٹر فرزانہ باری، پی ٹی یو ڈی سی کے کامریڈ چنگیز، آصف رشید، میونسپل لیبر یونین کے چیئرمین پرویز چیدا، پی ڈبلیو ڈی ورکرز یونین کے نذیر جاوید، ریلوے ورکرز یونین کے محمد نواز ملک، اٹک آئل ریفائنری کے عاصم شہزاد، انقلابی نوجوان ورکرز تحریک کے کامریڈ ساجد، نیشنل پریس کلب کے فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری، پروگریسو یوتھ الائنس کی صدر ریحانہ اختر، نیٹکو پیپلز ورکرزیونین کے صدر عبادت خان، اسد ناصر، عبدالستار تارڑ، پاکستان مزدور محاذ، ریڈ ورکرز فرنٹ، نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن اور دیگر ترقی پسند تنظیموں کے نمائندگان اور مزدور راہنماؤں نے خطاب کیا،جلسہ کے بعد سینکڑوں محنت کشوں نے پریس کلب سے ریلی نکالی اور مزدور دشمن اقدامات کے خلاف اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرہ بازی کی۔

اسلام آباد کے موسم کاسیاسی درجہ حرارت بھی گرمی کے ساتھ ساتھ بڑھ رہا ہے،وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض پیرزادہ نے بھی وزارت سے استعفیٰ دیدیا اس کے علاوہ 28اپریل کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں ہونیوالے تحریک انصاف کے جلسہ نے سیاسی گہما گہمی میں اضافہ کردیاہے خصوصاً چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے قوم سے وزیراعظم کے سماجی بائیکاٹ کی اپیل اور وزیراعظم کو استعفی دیکر گھر جانے کے مطالبے پر ن لیگ اور تحریک انصاف کے اراکین پارلیمنٹ اور رہنماؤں میں بیان بازی کا سلسلہ جاری ہے ،وزیرمملکت اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا پی ٹی آئی کے جلسہ پر ردعمل تھاکہ خان صاحب کو ایک بار پھر فلڈ لائٹس میں خالی کرسیوں سے خطاب مبارک ہو، اب تو لوگ بھی عمران خان کا رونا اور جھوٹ سننے نہیں آتے،عمران خان نے گالی ,انتشار فساد ,جھوٹ اور رونے کے علاوہ کیا کیا ہے، عمران خان آپ دوسرے ممالک کیلئے سیکورٹی رسک ہیں اس لئے آپ کو عالمی ائیر پورٹس پر روکا جاتا ہے،عمران خان نفرت انگیز بیانات کی وجہ سے نامقبول ہورہے ہیں رشوت کی پیشکش کرنے والے کا نام بتائیں، وہ چھ ماہ عدالت میں جھوٹ بول بول کر نہیں تھکے، آج پھر جھوٹ اور صرف جھوٹ کا سہارا لے رہے ہیں، وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ شیخ چلی کی نحوست پرویزمشرف کی طرح عمران خان کو بھی لے ڈوبے گی بڑے بے شرم دیکھے لیکن لال حویلی سا بے شرم نہیں دیکھا ، ذِلت اور رونا دھونا پی ٹی آئی کا مقدر ہے، پی ٹی آئی لیڈروں کی تقریریں مدہوشی، لاف زنی اور بہتان تراشی کا ملغوبہ تھیں، پی ٹی آئی دروغ گوئی ، بے شرمی اور بد دیانتی کا شاہکار ہے اور عمران خان تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ 1970 میں بھٹو اور 2013میں عمران نے تبدیلی کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا، عمرانی ٹولہ چند روزہ اقتدار کے لئے باؤلا ہو چکا ہے،اگر دس ارب کی آفر کا ثبوت نہ دیا تو قانون اور عوام کی عدالت میں گھسیٹیں گے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما اورسینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے حکومت کو کڑے ہاتھوں لیا ہے انکا کہنا تھاکہ پانامہ اور ڈان لیک حکمرانوں کی سیاسی موت ثابت ہوں گی‘ نوازشر یف سیاسی شہید ہونا چاہتے ہیں اس لیے(ن) لیگی پاک افواج کو بھی آنکھیں دکھا رہے ہیں ‘ (ن) لیگی حکومت آخری سانسیں لے رہی ہے قوم انکو مزید برداشت کر نے کیلئے تیار نہیں ‘پیپلزپارٹی لاہور سمیت پورے پنجاب میں جلسے کر یگی،پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے عمران خان کو کڑی تنقید کانشانہ بنایا ہے انکا کہنا تھا کہ جس شخص کی زبان پر صرف پیسہ ہی پیسہ ہو وہ نواز شریف کی طرف سے 10ارب روپے کی آفر کیسے ٹھکرا سکتاہے؟ ایسا لگتا ہے کہ عمران خان یہ رقم ہضم کرنے کیلئے مزید شور مچا رہے ہیں، سابق چیف جسٹس اورپاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکر ٹیک پارٹی کے سر براہ جسٹس (ر) افتخار احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشر یف کے پاس استعفیٰ کے سوا کوئی آپشن نہیں ‘ڈان لیک کے معاملے میں حکمران اصل میں کسی ’’اپنے ‘‘کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈان لیک کی مکمل رپورٹ اور تمام حقائق قوم کے سامنے لائے جائے تاکہ قوم تمام ملک دشمن چہروں کو دیکھ سکیں ۔

مزید :

ایڈیشن 1 -