یونیورسٹیوں میں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تعلیم دیں گے ، ڈاکٹر نظام الدین

یونیورسٹیوں میں مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق تعلیم دیں گے ، ڈاکٹر نظام الدین

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) :چیئر مین پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین نے بے روزگاری کی وجوہات جاننے اور یونیورسٹی اور کالج کی سطح پر مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم مہیا کرنے پر زور دیا ہے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے پانچویں جلسہ عطائے اسناد سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر، پرنسپل کالج پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان، ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد تقی زاہد بٹ، کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر نظام الدین نے کہا کہ مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کیلئے سروے کرائے جانے چاہیے تاکہ نصاب کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے علاوہ متعلقہ سرٹیفیکشن کورسز متعارف کرائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں کا درست استعمال کرنا چاہیے اور مشرق وسطیٰ میں افرادی قوت بڑھانے کیلئے تربیتی کورس منعقد ہونے چاہیے۔

۔ انہوں نے کہا کہ مرد حضرات کی کامرس کے میدان میں کمی کی وجوہات جاننے کیلئے بھی سروے کرایا جانا چاہئے۔ ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ یونیورسٹی میں انٹرنپنیور شپ اور اسلامک بینکنگ سے متعلق پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مثبت سوچ کو فروغ دیں اور اپنے مقاصد کے حصول کیلئے سخت محنت کریں۔انہوں نے طلبہ سے کہا کہ وہ تعلیم کا بوجھ نہ اٹھانے والے طالبعلموں کی تعلیم کا بھی بندوبست کریں۔ کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ہمارا مشن ہے جس کیلئے انتھک محنت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج کے زیر اہتمام طلباؤ طالبات کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے ہم نصابی سرگرمیوں کا انعقاد اور جاب فیئرز منعقد کئے جاتے ہیں۔ تقریب میں ایم فل، ایم کام (ڈیڑھ سالہ پروگرام) ، ایم کام (ساڑھے تین سالہ پروگرام) اور بی کام (آنرز) سیشن 2014ء کے 435طلباؤ طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -