ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں

ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن ...

  

جوہانسبرگ (موبائل فورم،فہیم شبیر سے)پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہمارے محنت کشوں اورہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مدد سے ہم اپنے محنت کشوں کیلئے بہتر معیار زندگی حاصل کرسکتے ہیں اور ان کیلئے ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں، شکاگو کے شہیدوں نے جبر ، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دیں۔ان خیالات کا اظہار جنوبی افریقہ میں بسلسلہ روز گار مقیم پاکستانیوں نے’’پاکستان‘‘ موبائل فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا،مسلم لیگ ن کیپ ٹاؤن کے رہنما راشد بشیر سیا ل نے کہا کہ محنت کشوں کا عالمی دن ایک ایسا موقع ہے جس پر ہم کام کرنے والے مرد و خواتین کی خدمات کو سراہتے ہیں جو ملک کا ایک ناگزیر ستون ہیں، یہ دن شکاگو کے شہیدوں کی یاد تازہ کرتا ہے جنہوں نے جبر ، استحصال اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد میں قربانیاں دی ہیں، اس دن ہم پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو قومی تعمیر میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں ۔خالد سلہریانے کہاکہ یہ دن پاکستانی افرادی قوت کے کردار ، اس کی لگن اور عزم کی علامت کے طور منایا جاتا ہے ، جس نے پاکستان کو دنیا میں ایک باوقار اور ترقی پسند قوم بنانے کی سمت گامزن کیا۔ تحریک انصاف پریٹوریا منتانہ کے رہنما یاسین گھمن نے کہا کہ پاکستانی مزدور طبقہ اپنے ترقی پسند نقطہ نظر اور پیداواری صلاحیت کی بنیاد پر امتیازی حیثیت رکھتا ہے ،وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں۔ یہ ہماری فروغ پذیر معیشت کا اہم اتحادی ہے اور اسی لیے انہیں بہتر رہائشی ، طبی اور تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور مدد سے ہم اپنے محنت کشوں کیلئے بہتر معیار زندگی حاصل کرسکتے ہیں۔

اور ان کیلئے ترقی کے مساوی مواقع اور حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ شہزاد بٹ ،امانت علی تارڑ،ملک عامر،ملک حماد رضا،عطا گوندل ،دانیال گھمن ،رائے شہباز خان نے کہا کہ موجودہ عالمگیر دنیا مسابقتی طور پر ایک دوسرے سے مضبوطی سے منسلک ہوچکی ہے ، جس میں اپنے بین الاقوامی ہم منصبوں سے مقابلہ کرنے اور ملک کی معاشی ترقی کیلئے ضروری مہارت سے لیس افرادی قوت کی ضرورت ہوتی ہے ۔ میں اس حقیقت سے اچھی طرح واقف ہوں کہ کارکن طبقے کی بہتری اور ان کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے تجدید عزم اور توجہ کی ضرورت ہے ۔انہوں نے یوم مئی پر پاکستان بھر کے کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کیاہے اور ان کے بہتر مستقبل اور خوشحالی کے لئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔

مزید :

عالمی منظر -