بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی لاہورکیمپس کی منظور ی نہ دینے کیخلاف درخواست دائر کرنے کیلئے 5مئی تک مہلت
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہورہائیکورٹ میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی لاہورکیمپس کی منظور ی نہ دینے کے خلاف درخواست دائر کرنے کے لئے لاہور کیمپس کے چیئرمین منیر حسین بھٹی کو 5مئی تک مہلت دے دی ہے ۔جسٹس سیدمظاہرعلی اکبرنقوی کی سربراہی میں جسٹس عاطرمحمود اورجسٹس شاہد کریم پرمشتمل 3رکنی فل بنچ نے بی زیڈیو لاہورکیمپس کے طلبہ کی ڈگریوں کے حوالے سے کیس کی سماعت کی۔عدالت میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شان گل سمیت دیگرافسران اورطلبہ کی بڑی تعداد پیش ہوئی۔ لاہورکیمپس کے چیئرمین منیرحسین بھٹی کی جانب سے عابد ساقی نے موقف اختیارکیا کہ بی زیڈ یو ملتان کی سنڈیکٹ نے لاہورکیمپس کے قیام کی منظوری نہیں دی جس کے خلاف لاہورکیمپس کے چیئرمین منیرحسین بھٹی نے چانسلرکو نگرانی کی اپیل کی لیکن چانسلر نے ان کی نگرانی کی اپیل کومسترد کردیا ،ان کا کہناتھا کہ وہ چانسلرکے نگرانی کی اپیل کومسترد کرنے کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرناچاہتے ہیں اس لئے انہیں مہلت دی جائے جس پرعدالت نے انہیں چانسلر کے فیصلے کو چیلنج کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 5مئی تک ملتوی کردی ہے۔