ملک میں پیسے نہیں انصاف کی کمی ہے، آئین و قانون پر عملدرآمد ناگریز ہے: سراج الحق

ملک میں پیسے نہیں انصاف کی کمی ہے، آئین و قانون پر عملدرآمد ناگریز ہے: سراج ...

  

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے بلوچستان کے ساحلی علاقے جیوانی میں ماہی گیروں کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جو طبقہ میرے ماہی گیر کو بری نظر سے دیکھے گا ، انہیں سمندر کے پانی میں روزگار سے محروم اور علاقے سے بے دخل کرنے کی کوشش کرے گا ، میرا ہاتھ ہوگا اور جابروں کا گریبان ہوگا ۔ ماہی گیروں کے مسائل پر اسلام آباد میں بڑا پروگرام کریں گے اور دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر ماہی گیروں کے مسائل کو اٹھائیں گے ۔ گوادر ، پسنی ، جیونی کی بندرگاہوں اور سمندر کے پانی پر یہاں کے مقامی لوگوں کاحق ہے ۔ جماعت اسلامی جلد ماہی گیر بچاؤ تحریک شروع کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ یہاں مزدور کی وکالت کارخانہ دار اور کسانوں کی وکالت جاگیردارکرتاہے جو خود ہی ان پر ظلم کرتے ہیں ، دوسر ی جانب غریب عوام ہمیشہ سانپوں کے منہ میں دودھ ڈال کر انہیں اژدھا بنا کر ایونوں میں بھیجتے ہیں اور وہی اشرافیہ پھر عوام الناس پر ظالمانہ ٹیکس نافذ کرتے ہیں اور خود عیش و عشرت اور والی مراعات والی زندگی گزارتے ہیں اور غریب کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں پیسے کی نہیں انصاف کی کمی ہے اور آئین و قانون پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ پاکستان میں روزانہ بارہ ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے ۔ اگر وی آئی پی کلچر ، کرپشن ، اقربا پروری ، غیر قانونی ترقیاتی اخراجات کا پیسہ بچا کر عوام پر خرچ کیا جائے تو عوام کو مفت صحت ، تعلیم اور بنیادی سہولیات میسر آسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی عام آدمی کی جماعت اور ان کے حقوق کی ترجمان ہے ۔ اللہ نے مجھے موقع دیا اور ہماری حکومت آئی تو ہر بوڑھے مرد و عورت کو وظیفہ دیا جائے گا اور ہم بے روزگار نوجوانوں کو روزگار نہ ملنے تک ماہانہ بے روزگاری الاؤنس دیں گے ۔ گورنر ہاؤس سمیت ان تمام بڑے گھروں کو ختم کر کے انہیں پانچ مرلے میں تبدیل کر کے عوام کو دے دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ نوابزادے ، خانزادے ، وڈیرے ، چوہدری ، سردار اور سرمایہ دار حکمران اشرافیہ کبھی بھی عوام کو خوشحالی نہیں دیں گے ۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئی تو انشاء اللہ پانچ بیماریوں دل ، کینسر ، ہیپاٹائٹس ، گردوں اور تھلیسیمیا کا علاج مفت ، آٹا ، گھی ، چینی ، دالوں پر سبسڈی اورتعلیم مفت ہوگی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی ، ضلعی امیر مولانا لیاقت اور سعید احمد بلوچ بھی موجود تھے ۔

مزید :

صفحہ آخر -