قرضے ہڑپ کرنیوالوں اور قبضہ مافیا کا واویلا’’چورمچائے شور ‘‘ کے مترادف ہے : شہباز شریف

قرضے ہڑپ کرنیوالوں اور قبضہ مافیا کا واویلا’’چورمچائے شور ‘‘ کے مترادف ہے ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کا سفر تیزی سے طے کر رہا ہے اور ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے۔2018ء کے اوائل میں توانائی کے منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے اندھیرے ختم ہو جائیں گے ۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں منصوبوں کو جس شفافیت اور تیز رفتاری کیساتھ مکمل کیا جا رہا ہے، پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی،کوئی مخالف بھی ہمارے شفاف ترین منصوبوں پر انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے قومی وسائل شفاف طریقے سے عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کئے ہیں جبکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے ۔ آج کرپشن کیخلاف باتیں کرنیوالوں کے دائیں بائیں وہ افراد کھڑے ہیں جنہو ں نے اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے اور لاہور کے اطراف میں اربوں روپے کی زمینوں پر قبضے کیے ۔ زمینوں پر قبضے اور اربوں روپے کے قرضے معاف کرانیوالے آج کس منہ سے کرپشن کیخلاف واویلا کرتے ہیں،ان کا شور ’’چور مچائے شور‘‘ کے مترادف ہے ۔ نیازی صاحب کو قرضے ہڑپ کرنے والے اور قبضہ مافیا کیوں نظر نہیں آتا؟ ترقی کے عمل کو روکنے اور اسلام آباد کو بند کرنے والوں کی ناپاک سازشیں پہلے بھی ناکام رہیں اور یہ عناصرعام آدمی کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے میں آئندہ بھی ناکام رہیں گے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ(ن) کے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد نواشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کے اندھیرے چھٹ جائیں گے۔توانائی بحران کے خاتمے سے تعلیمی ادارے ،ہسپتال اورملک کاقریہ قریہ روشن ہوگا،زراعت ترقی کرے گی۔

شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -