فیصل آباد : چوری کا الزم ۔ پراپرٹی ڈیلر کی بیوی کا کمسن ملازمہ پر بد ترین تشدد

فیصل آباد : چوری کا الزم ۔ پراپرٹی ڈیلر کی بیوی کا کمسن ملازمہ پر بد ترین تشدد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد(کرائم رپورٹر)شہر کے پوش علاقہ نیو سول لائن میں کمسن یتیم ملازمہ پر گھر کی مالکن کے ظالمانہ تشدد کی افسوسناک داستان سامنے آئی ہے۔ خانوآنہ کی رہائشی 9سالہ سمیعہ کو گذشتہ رات نیو سول لائن کے پراپرٹی ڈیلر جواد رشید کی اہلیہ راحت بیگم نے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گھر سے باہر نکالا تو بچی کی آہ و بکا نے اہل محلہ کو معصوم بچی کی داد فریاد سننے پر مجبور کر دیا اور پولیس کوآگاہ کر دیا۔9سالہ سمیعہ نے آہیں سسکیاں بھرتے ہوئے بتایا کہ اس کے والدین ایک حادثے میں اللہ کو پیارے ہو چکے ہیں وہ اپنی عمر رسیدہ نانی اماں کے پاس رہتی تھی گھر میں فاقہ کشی کے باعث اسے محض دو ہزار روپے ماہانہ کی بنیاد پر ملازمہ رکھوا دیا گیا جہاں اسے بلاناغہ ذہنی اور جسمانی تشددکا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔پراپرٹی ڈیلر کی بیگم تھپڑوں مکوں ‘لاتوں اورجوتوں سے تواضع کرنے کے ساتھ ساتھ جسم میں سوئیویاں بھی چبھوتی اورہر وقت کام پر لگائے رکھتی ہیں گذشتہ روز چوری کا الزام لگا کر اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر رات گئے گھر سے باہر دھکیل دیاگیا خدا ترس لوگوں نے اس کی داستان ستم سن کرمیڈیا کے سامنے لا کر اسے پولیس کے ذریعے ہسپتال بھجوایا اور اسے طبی امداد فراہم کروائی لوگوں نے اس ظلم و ستم پر اجتماعی مظاہرہ بھی کیا۔پولیس تھانہ سول لائن کوبچی کا میڈیکل کروا کر راحت بیگم زوجہ جواد رشید کے خلاف مقدمہ درج کرناپڑا۔مظلوم بچی سمیعہ کی نانی سرداراں بی بی کی طرف سے درج کئے گئے مقدمہ میں حبس بے جا میں رکھنے اور تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے پانچ مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق سمعیہ کے چہرے ‘ناک‘ رخسار‘پیشانی اور کمر پر تشدد کے نشانات ہیں۔ اسے تھپڑوں اور کسی آلہ سے تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔ ملزمہ راحت بیگم نے ایڈیشنل سیشن جج قمر یاسین کی عدالت سے دو روزہ عبوری ضمانت کروا لی ہے۔ مقدمہ کی سماعت کیلئے کل چار مئی تاریخ مقرر ہے۔تھانہ سول لائن پولیس نے بچی کے میڈیکل اور طبی امداد کی فراہمی کے بعد اسے گھر بھجوا دیا ہے ایک اطلاع کے مطابق بچی پر تشدد کرنے والے گھرانے کے افراد نے بچی کے ورثاء سے رابطے شروع کر دیئے ہیں تاکہ اس معاملہ کو صلح کی آڑ میں سمیٹا جا سکے. دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو فیصل آباد نے بھی یتیم بچی کو اپنی تحویل میں لینے کیلئے رجوع کر لیا ہے تاکہ اسے تحفظ دیا جا سکے.

مزید :

صفحہ اول -