تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کار دوست پالیسی وضع کی : عاطف خان

تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کار دوست پالیسی وضع کی : عاطف خان

  

پشاور( سٹاف رپورٹر )صوبائی وزیر توانائی و برقیات اور تعلیم محمد عاطف خان نے متعلقہ حکام کوتیل و گیس کے شعبوں میں ایکسپلوریشن کا کام تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت خیبر پختونخوا نے پارٹی قائد عمران خان اوروزیر اعلیٰ پرویز خان خٹک کے وژن کے مطابق تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لئے سرمایہ کار دوست پالیسی وضع کی ہے جس کی وجہ سے صوبہ ان شعبوں میں تیزی سے خود کفالت کی جانب گامزن ہے اور اربوں روپے کی ریکارڈ آمدن ہوئی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز پشاور میں خیبر پختونخوا آئیل اینڈ گیس کمپنی کے لکی ایکسپلوریشن بلاک سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں دوسروں کے علاوہ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو رضی الدین رضی، جنرل مینجراور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔اجلاس کو لکی ایکسپلوریشن بلاک میں جاری سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ مذکورہ بلاک میں جیالوجیکل سروے کاکام مکمل ہوچکاہے جس کی بنیاد پر سیسمک سروے کا پلان بھی تیار کر لیا گیاہے اور رمضان المبارک کے فوراًبعداس سروے کا آغاز کر دیا جائے گاجو 6ماہ کے قلیل عرصہ میں مکمل ہو جائے گا۔اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ لکی بلاک میں اتنے وسیع ذخائر موجود ہیں کہ آرمی ویلفئیر ٹرسٹ،سیف انرجی اورآئیل اینڈ گیس انٹرنیشنل لیمٹیڈ جیسی مشہور کمپنیوں نے بھی اس بلاک میں بطور پارٹنر شرکت کے لئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اجلاس میں صوبے میں تیل و گیس کے سیپیجزاور ٹیکنیکل لیبارٹری کے لئے فنڈز کے معاملات بھی زیر غور آئے اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔وزیر توانائی نے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ نے اس صوبے کو تیل و گیس جیسے بیش بہا قدرتی و سائل سے نواز اہے اگر ان وسائل کا پوری طرح استعما ل کیا گیا تو نہ صرف صوبہ بلکہ پورا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو گااور ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ ہو گالہذا پی ٹی آئی کی حکومت ان شعبوں سے بھرپور استفادہ کرنے میں انتہائی سنجید ہ ہے یہی وجہ ہے کہ موجودہ دور حکومت میں تیل و گیس کے وسیع ذخائر دریافت ہوئے ہیں اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے اربوں روپے کی آمدن ہوئی ہے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -