کلرسیداں،منتخب چےئرمین شیخ عبدالقدوس،وائس چوہدری ضیارب منہاس نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا

کلرسیداں،منتخب چےئرمین شیخ عبدالقدوس،وائس چوہدری ضیارب منہاس نے عہدوں کا ...

  

کلر سیداں(تحصیل رپورتڑ)ایم سی کلر سیداں کے نومنتخب چےئرمین شیخ عبدالقدوس اور وائس چےئرمین چوہدری محمد ضیارب منہاس نے اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں چوہدری ربنواز خان منہاس نے ان سے حلف لیا۔اس سلسلہ میں ایم سی کلر سیداں میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم سی کلر سیداں کے تمام ارکان سمیت یونین کونسل چوآ خالصہ،دوبیرن کلاں،منیاندہ،نلہ مسلماناں،بھلاکھر،گف اور بشندوٹ کے چےئرمین اور وائس چےئرمین اور سیاسی عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔حلف اٹھانے کے بعد ایم سی کلر سیداں کے پہلے چےئرمین شیخ عبدالقدوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اختلاف رائے کے بغیر جمہوریت کا عمل مکمل نہیں ہوتا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی قیادت میں کلر سیداں کو ایک مثالی ایم سی کا درجہ دلوانے میں اپنے دستیاب وسائل استعمال کرونگا اور تمام معاملات کو با احسن طریقے سے چلانے کیلئے معزز ارکان کی مشاورت کوا ہمیت دونگا ۔انہوں نے کہا کہ چےئرمین شپ کی دوڑ میں عقل کے گھوڑے دوڑانے کی بجائے میں نے عقل سے پناہ مانگی اور اللہ کے فضل کا طالب رہا۔انہوں نے اعلان کیا کہ آج سے اگر انصاف کی تلوار میں ان کا بیٹا بھی آیا تو وہ بھی بچ نہیں سکے گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ میرا دور ایک تاریخی دور ہو گا جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مجھے ایم سی چےئرمین کے منصب کے قابل سمجھا۔اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں چوہدری ربنواز خان منہاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ دیگر شہروں کے مقابلے میں کلر سیداں اور گردونواح میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پرامن رہا جس کیلئے کلر سیداں کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ ہر معاملے میں چےئرمین اور وائس چےئرمین کی رہنمائی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -